اب کتّے بھی پیراکی کا لطف اٹھائیں گے

اسپین میں کتوں کے لیے سوئمنگ پول کُھل گیا

اسپین میں کتوں کے لیے سوئمنگ پول کُھل گیا۔ فوٹو : فائل

انسانوں کے لیے نہانے کے تالاب ( سوئمنگ پول) تو دنیا بھر میں پائے جاتے ہیں مگر اسپین کے قصبے میں ایک سوئمنگ پول ایسا بھی ہے جس میں صرف کتے ہی پیراکی سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

Roca del Valles نامی قصبے میں یہ سوئمنگ پول حال ہی میں کھولا گیا ہے اور دنیا کا پہلا سوئمنگ پول ہے جو صرف کتوں کے لیے مخصوص ہے۔ سوئمنگ پول کے مالک و منتظم فیڈریکو کانو کا کہنا ہے کہ اس نے ایک تفریحی مرکز میں انسانوں اور کتوں کو ایک ساتھ نہاتے دیکھا تھا۔ پھر اسے خیال آیا کہ کیوں نہ ایسا سوئمنگ پول بنایا جائے جس میں یہ جانور انسانوں کے بجائے اپنے ہم نسلوں کے ساتھ پیراکی کا لطف اٹھاسکیں۔


Resort Canino Can Jane نامی اس تفریحی مرکز میں تعمیر کیے گئے سوئمنگ پول میں ہر جسامت کے کتوں کے لیے سلائیڈ اور پلاسٹک کے زیادہ مضبوط بیڑے (pool raft) بھی موجود ہیں۔ کتے جب تیراکی کرتے ہوئے تھک جاتے ہیں تو سطح آب پر تیرتے ان بیڑوں پر مزے سے بیٹھ اور لیٹ جاتے ہیں۔

فیڈریکو کے مطابق عام سوئمنگ پول کے برعکس اس سوئمنگ پول کا پانی جانوروں کی گندگی کی وجہ سے جلدی تبدیل کرنا پڑتا ہے۔ ایک اور مشکل جس کا فیڈریکو کو سامنا ہے وہ ہے کتوں کو سوئمنگ پول سے باہر نکالنا۔ کتے پیراکی کرتے ہوئے اتنے تھک جاتے ہیں کہ خود سے باہر نہیں آ پاتے اور انھیں پکڑ کر نکالنا پڑتا ہے۔ بہرکیف یہ سوئمنگ پول کتوں کے مالکان میں تیزی سے مقبول ہورہا ہے، اور ایک طرح سے فیڈریکو کی لاٹری نکل آئی ہے۔
Load Next Story