ڈالر کی انٹر بینک قیمت میں اضافہ اوپن مارکیٹ میں قدر گھٹ گئی
اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 13 پیسے کی کمی سے 279 روپے 69 پیسے کی سطح پر بند ہوئی
انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر بیک فٹ پر رہا۔
جون تک غیرملکی قرضوں کی ادائیگیوں کے دباؤ اور معیشت میں زرمبادلہ کی طلب بڑھنے کے باعث جمعرات کو بھی انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اتارچڑھاؤ کے بعد محدود پیمانے پر اضافے کا تسلسل برقرار رہا۔
آئی ایم ایف کی نئے قرض پروگرام کو ڈی ویلیو ایشن سے مشروط نہ کیے جانے اور اگلے ہفتے جاری پروگرام کی 1.1 ارب ڈالر مالیت کی آخری قسط کے ممکنہ اجرا جیسے مثبت عوامل کے باعث کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 16 پیسے کی کمی سے 278 روپے 23 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔
لیکن سپلائی بہتر ہوتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ آنے سے کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 05 پیسے کے اضافے سے 278 روپے 48 پیسے کی سطح پر بند ہوئی اسکے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 13 پیسے کی کمی سے 279 روپے 69 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔