فوج سے کوئی اختلاف نہیں ملک ایجنسیز کے بغیر نہیں چلتے سربراہ اپوزیشن گرینڈ الائنس

اپوزیشن گرینڈ الائنس اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کراچی اور فیصل آباد میں جلسوں کا اعلان کردیا


ویب ڈیسک April 25, 2024
فوٹو فائل

اپوزیشن گرینڈ الائنس اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہمارا افواج سے کوئی اختلاف نہیں اور نہ ہی الائنس کسی ادارے کے خلاف نفرت پھیلانے کے لیے بنایا گیا، کوئی بھی ملک ایجنسیز کے بغیر نہیں چل سکتا۔

اسلام آباد میں اپوزیشن گرینڈ الائنس کے مختصر اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں یہ الائنس کسی ادارے کے خلاف نفرت پھیلانے کیلئے نہیں بنایا بلکہ پاکستان کو بچانے کے لیے بنایا گیا ہے، ملک اس وقت خطرناک ترین دور سے گزر رہا ہے اور اسے بحرانوں سے اجتماعی سوچ کے ذریعے ہی نکالا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جب تک آئین کے دائرے میں نہیں چلے گا، پارلیمنٹ پالیسیوں کا منبع نہیں ہوں گی تب تک مسائل کو حل نہیں کیا جا سکتا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمارا افواج یا ایجنسی سے کوئی اختلاف نہیں ہے بلکہ ہم سمجھتے ہیں کہ کوئی ملک بھی ایجنسیوں کے بغیر نہیں چل سکتا تاہم ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ فوج آئینی دائرے میں رہتے ہوئے اپنا کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس میں ہر جماعت کا ایک نمائندہ موجود ہے جبکہ پی ٹی آئی کے نمائندے کو کوآرڈینیٹر بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک بھر میں جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گرینڈ الائنس کا پانچ مئی کو کراچی میں جلسہ ہوگا پھر دس مئی کو فیصل آباد میں پنڈال سجائیں گے۔ تمام جگہوں پر جلسوں کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تعاون ہونا چاہیے، لیکن میں کہتا ہوں آئیے دو دو نمائندے منتخب کریں اور بیٹھ کر بات کریں، تحریک انصاف سے میں نے بات نہیں کی لیکن میں انہیں آمادہ کر لوں گا کیونکہ ملک کے تمام فیصلے اور پالیسیاں پارلیمنٹ میں بننی چاہیئں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |