دھابے جی میں پینے کے پانی کا بحران شہری بوند بوند کو ترس گئے

یوسی کا عملہ پانی چوری میں ملوث ہے، پانی کی موٹر خرابی کی آڑ میں کرپشن کی جارہی ہے، شہریوں کا الزام


Nama Nigar June 17, 2014
یوسی کا عملہ پانی چوری میں ملوث ہے، پانی کی موٹر خرابی کی آڑ میں کرپشن کی جارہی ہے، شہریوں کا الزام، فوٹو: فائل

دھابے جی میں پینے کا پانی سپلائی کرنے والی موٹر خرابی، علاقے میں پانی کا شدید بحران، یوسی کے پانی عملے پر پینے کے پانی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے کا الزام۔

تفصیلات کے مطابق یوسی دھابے جی میں پینے کا پانی فراہم کرنے والی موٹر خراب ہوجانے کے باعث غریب آباد مارکیٹ، بلال نگر، شیخ مجید کالونی، یعقوب آباد، ماڈل ٹاؤن سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں 3 روز سے پانی کی فراہمی معطل ہے جس کے باعث پانی کا شدید بحران ہے۔ علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوںکا کہنا ہے کہ دھابے جی کے پانی کے عملے کی جانب سے پانی کا مصنوعی بحران پیدا کیا جارہا ہے، ہر ہفتے پانی کی موٹر خراب ہونے کا بہانہ بناکر مرمت کی آڑ میں لاکھوں روپے کے بل وصول کیے جاتے ہیں جو کہ عملے کی جیبوں میں جاتے ہیں۔

شہریوں نے الزام لگایا کہ پینے کے پانی کی مین لائن سے مقامی فیکٹریوں، زرعی زمینوں، پولٹری فارموں، بلاک کے تھلوں، غیر قانونی کنکشن سمیت دیگر کئی نجی اداروں کو ڈیڑھ سے 2 انچ کے سیکڑوں غیر قانونی کنکشن دیے گئے ہیں جن سے ماہانہ بھاری بھتہ وصول کیا جاتا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ یوسی دھابے جی میں پینے کے پانی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں