لاہور ائرپورٹ تھائی لینڈ سے غیر قانونی درآمد 200 نایاب کچھوے برآمد
محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے تھائی لینڈ سے غیر قانونی طور پر درآمد کیے گئے 200 نایاب کچھوے برآمد کرلیے۔
خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے تھائی لینڈ سے غیر قانونی طور پر پاکستان لائے گئے 200 نایاب کچھوے برآمد کرلیے۔
نایاب کچھوؤں کو ڈبل پیکنگ میں چھپا کر پاکستان لایا گیا تھا، جس کی اطلاع ملنے پر وائلڈ لائف کی ٹیم نے رات ساڑھے 8 بجے لاہور ائرپورٹ کے گارگو ایریا میں ناکا لگا لیا۔ تھائی لینڈ سے آنے والی پرواز رات ساڑھے 10 بجے لاہور ائرپورٹ پر اتری، جہاں مذکورہ سامان گارگو ایریا میں آنے پر وائلڈ لائف حکام نے کسٹمز حکام کو نایاب کچھوے غیر قانونی درآمد کرنے کی اطلاع دی۔
ائرپورٹ پر کارٹنز کو چیک کیا گیاتو اس میں سے 200 کچھوے برآمد ہوئے، جنہیں 100، 100 کی پیکنگ بنا کر علیحدہ علیحدہ چھپا کر رکھا گیا تھا۔درآمد کرنے والے شخص سید اعزاز احمد کو بھی حکام نے لاہور ائرپورٹ پر طلب کرلیا تھا۔
حکام کے مطابق وائلڈ لائف قوانین کے مطابق کچھوے درآمد کرنا غیر قانونی ہے جو وائلڈ لائف ایکٹ کے شیڈول تھری میں شامل ہے۔ غیر قانونی طور پر نایاب کچھوے درآمد کرنے پر کسٹمز حکام نے کارروائی شروع کر دی ہے اور محکمہ وائلڈ لائف نے کچھوؤں کی حوالگی کے لیے کسٹمز حکام کو خط بھی لکھ دیا ہے۔