سیکیورٹی فورسز کی ہرنائی میں بروقت کارروائی ایک دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے اور معصوم جانیں بچ گئیں، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک April 27, 2024
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مسافر گاڑیوں کو روکنے پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی—فوٹو: فائل

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنائی اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں 27 اپریل کو سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں نے ہرنائی میں سنجاوی روڈ پر مسافر گاڑیاں روکنے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے بروقت جواب نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور معصوم جانیں بچ گئیں تاہم علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کی موجودگی کا امکان کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں