ٹڈاپ اسکینڈل سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی 12 مقدمات میں ضمانت منظور

ہم نے اپنے 5 سالہ دور حکومت میں ایک بھی سیاست دان کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا، یوسف رضا گیلانی


ویب ڈیسک June 17, 2014
اینٹی کرپشن کورٹ نے 29 مئی کو ٹڈاپ اسکینڈل میں کرپشن کے متعدد مقدمات میں یوسف رضا گیلانی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ٹڈاپ اسکینڈل میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے 12 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی ہے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ٹداپ اسکینڈل میں کراچی کی انیٹی کرپشن کورٹ میں پیش ہوئے، اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کے وکلاء نے 12 مقدمات میں ان کی ضمانت کی درخواست دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم پر تمام مقدمات جھوٹ کی بنیاد پر قائم کئے گئے ہیں۔ عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کے ذاتی مچلکوں پر ان کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی ہے۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں پر مقدمات کوئی نئی بات نہیں ہے، ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو، آصف علی زرداری، راجہ پرویز اشرف اور امین فہیم پر بھی مقدمات قائم کئے گئے لیکن پیپلز پارٹی کے سب رہنماؤں پر لگائے گئے الزامات جھوٹ ثابت ہوئے اور مجھ پر لگائے جانے والے تمام الزامات بھی بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے 5 سالہ دور حکومت میں ایک بھی سیاست دان کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن، قادر پٹیل، راشد ربانی، فاروق ایچ نائیک کے ساتھ ساتھ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی جانب سے اب تک کوئی ایسی دفعہ نہیں جو ان پر نہ لگائی گئی ہو جبکہ عدالت سے بھی کہا کہ ان کے سامنے ہوں اگر چاہیں تو گرفتار کر لیں۔ انہوں نے کہا ایف آئی اے کی بدنیتی ہے اس نے ٹڈاپ اسکینڈل کے حوالے سے لکھا گیا میرا خط قبول نہیں کیا جبکہ ایف آئی اے کے تحقیقاتی افسر سے بھی کہا کہ وہ ہاتھ پکڑ کر عدالت لائیں لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔


واضح رہے کہ اینٹی کرپشن کورٹ نے 29 مئی کو ٹڈاپ اسکینڈل میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے متعدد مقدمات میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں