چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا پی ٹی آئی کو اسمبلیوں سے استعفے کا مشورہ
استعفی دینا سیاسی میدان جنگ سے بھاگنے کے مترادف ہو گا، شیر افضل مروت
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے پی ٹی آئی کو ایک بار پھر اسمبلیوں سے استعفے دے کر سڑکوں پر احتجاج کرنے کا مشورہ دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ''ایکس'' پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ اگر آنے والے ہفتوں میں بانی چیئرمین کو انصاف نہ ملا تو ہمیں اسمبلیوں میں نہیں بیٹھنا چاہیے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے اور سڑکوں پر آنے پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے واضح کیا میں بانی چیئرمین کے لیے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے والا پہلا شخص ہوں گا۔
استعفی دینا میدان جنگ سے بھاگنے کے مترادف ہوگا، شیر افضل
حامد رضا کے بیان پر پی ٹی آئی کا رد عمل سامنے آیا ہے، پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہےکہ حامد رضا صاحب کے مشورے کی ہم عزت کرتے ہیں اور اسے ستائش کی نگاہ سے دیکھتے ہیں مگر جہاں تک استعفی دینے کا سوال ہے تو میرا خیال ہے استعفی دینا سیاسی میدان جنگ سے بھاگنے کے مترادف ہو گا۔
شیر افضل نے کہا کہ ہمیں مکمل طور پر فائٹ کرنی ہے، جدوجہد بھی کرنی ہے اور مزاحمت بھی کرنی ہے، اور وہ باہر بھی ہوگی اور ایوان کے اندر بھی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پارٹی کے سامنے یہ تجویز آتی ہے تو اس وقت غور کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے چئیرمن پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے عہدے کی ضرورت نہیں ہے، ہماری پارٹی کے کسی ممبر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ درکار ہے تو میں دستبردار ہونے کو تیار ہوں۔