اے ولن! آواز سن کر میں بھی پلٹ گئی لیکن جب تک میرا بھائی چینل بدل چکا تھا۔ میری پوچھنے پر اس نےصرف اتنا بتایا کہ کوئی نئی فلم آرہی ہے۔ تجسس سے مجبور ہوکر میں نے انٹرنیٹ پر ''ایک ولن'' کو سرچ کیا تو مجھے پتا چل کہ 2013 کی سپر ہٹ فلم عاشقی ٹو کے ہدایتکار موہت سوری اپنے نئی فلم ''ایک ولن'' کے ساتھ فلمی دنیا میں دوبارہ تہلکہ مچانے کے لئے تیار ہیں۔
بالاجی موشن پیکچرز اور اے ایل ٹی انٹرنیمنٹ کے بینر تلے ایکتا کپور اور شوبھا کپور کی پروڈیوس کردہ رومانٹک سسپنس تھرلر فلم ایک ولن میں شردھا کپور اور سدھارتھ ملہوترا مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ رتیش دیش مکھ، شاد رندھاوا اور کمال آر خان بھی فلم میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
بالی ووڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ شردھا کپور نے اپنے فلمی کیرئر کا آغاز فلم ''تین پتی'' سے کیا جس میں انہیں لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور ہالی ووڈ اسٹار بن کنگسلے کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ لیکن انہیں حقیقی معنوں میں شہرت کی بلندیوں پر پنچانے والی فلم ''عاشقی ٹو'' بنی جس میں شردھا کپور کی اداکاری اور معصومیت نے لوگوں کے دل جیت لئے۔ شردھا کی دل موہ لینے والی مسکراہٹ اور نازک اداؤں کو لوگوں کو اپنا گرویدہ بنالیا یہاں تک کہ لوگ یہ ماننے کو بھی تیار نہ تھے کہ شردھا ہر فلم میں ولن کا کردار ادا کرنے والی شکتی کپور کی بیٹی ہیں۔
اسٹوڈنٹ آف دی ایئر کی شہرت پانے والے سدھارتھ ملہوتر کی یہ شردھا کپور کے ساتھ پہلی فلم ہے اس سے قبل سدھارتھ پرنینی چوپڑا کے ساتھ فلم ''ہنسی تو پھسی'' میں کام کر چکے ہیں جس نے بالی ووڈ پر درمیانہ بزنس کیا تھا۔ جبکہ رتیش دیش مکھ بالی ووڈ میں مانے اور جانے والے اداکاروں کی فہرست میں شامل ہیں۔
فلم ایک ولن کے ٹریلر شردھا کپور کو عائشہ نامی ایک سیدھی سادھی، معصوم اور دوسروں کی مدد کرنے والی لڑکی کے روپ میں دیکھایا گیا ہے۔ جو ہمیشہ خوش ہنستی اور مسکراتی رہتی ہے۔ ٹریلر سے لگ رہا ہے کہ فلم کے کسی موڑ پر عائشہ کی گرو (سدھارتھ ملہوترا) سے ملاقات ہوجاتی ہے اور دونوں آہستہ آہستہ ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔
دوسری جانب سدھارتھ ملہوترا (جن کا نام گرو ہے) فلم میں بلکل مختلف انداز میں جلوہ گر ہوں گے۔ گرو کو ایک جنونی انسان کے روپ میں چینختے، چلاتے اور چیزیں توڑتے ہوئے دیکھایا گیا ہے۔ ٹریلر میں بیک گراؤنڈ میوزک کے ساتھ چلائے گئی ڈائیلاگ '' کوئی جانور ہے جو سریا، پتھر، الگ الگ چیزوں سے مار رہا ہے عورتوں کو'' میں گرو کے مختلف انداز دیکھائے گئے ہیں جس سے یہ تاثر ملتا ہے جیسے گروہ فلم میں کسی سیریل کلر کا کردار ادا کررہا ہے۔
فلم میں نقطہ عروج اس وقت بدلتا ہے جس رتیش دیش مکھ جو کہ فلم میں راکیش کا کردار ادا کررہے ہیں عائشہ کی آواز پر پلٹتا ہے۔ اور راکیش میں آواز میں بولے گئے ڈائیلاگ '' تم سب کی نکلتی جان کے ساتھ میری ہر چنتا، ساری اسٹریس بھی نکل جاتی ہے'' کے ساتھ راکیش کا چہرہ دیکھایا جاتا ہے۔ اس سین کو دیکھنے کے بعد رتیش کو مختلف کردار میں دیکھنے کی امید جاسکتی ہے۔
تاہم ایک ولن کا میوزیک انکت تیواری، متھوں اور پریتم نے دیا ہے اور اس کے گانوں نے ریلیز ہوتے کے لوگوں میں مقبولت حاصل کرلی ہے۔ تیری گلیاں، بنچارہ، ضرورت، آواری اور ہمدرد جیسے گانوں نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب دلانے میں کافی حد تک کامیاب رہے ہیں۔ جبکہ فلم کے گانے 'آواری' میں پاکستانی میوزیکل بیڈ''سوچ'' کے سنگرزعدنان دھول اور ربیع احمد نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور اداکارہ پراچی ڈیسائی نے اپنی اداؤں کے جلوے بکھیرنے کی کوشش کی ہے۔ کوشش اس لئے کیونکہ گانے کی ویڈیو دیکھنے کے بعد مجھے کافی حد تک مایوسی ہوئی، آواری کو ایک آٹم سانگ کی طرح مارکیٹ میں متعارف کرایا گیا۔ لیکن آٹم سانگ کے لحاظ سے نہ تو پراچی ڈیسائی کی پرفارمنس اچھی ہے اور نہ ہی مجھے لال رنگ کی روشنی اور دھوئیں کے سیٹ اپ نے متاثر کیا۔ اس کے علاوہ 'گلیاں'، 'پنجارہ' اور 'ضرورت' میں فلم کے ہی مختلف سین دیکھائے گئے ہیں جو بار بار دہرائے گئے لیکن اس کے باجود فلم کے گانے کے بولوں نے شائقین کو اپنی گرفت میں جکڑ رکھا ہے۔
بہرحال گرو اور راکیش کی جاندار اداکاری نے فلم نے ایک نئی جان پیدا کردی ہے۔ خصوصا گرو (سدھارتھ ملہوترا) کی اداکاری کو دیکھ کر بے ساختہ دل میں فلم کو دیکھنے کی خواہش ابھرتی ہے۔ یہ خواہش جلد پوری ہوجائے گی کیونکہ حالیہ رپورٹس کے مطابق بھارتی سنسر بورڈ نے بھی ایک ولن کو آٹھ کٹس کے ساتھ پاس کردیا ہے۔ ویسے مجھے یہ خبر سن کر سمجھ نہیں آیا کہ میں کس قسم کے جذبات کا اظہار کروں؟ شکر ہے بھارتی سنسر بورڈ نے کچھ مناظرکٹ کرکے نوجوانوں کو گمراہ ہونے سے بچالیا، یا صرف آٹھ سین کٹ کر کے بھارتی سنسر بورڈ نے کون کا تیر مار لیا۔
ارے ارے آپ کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا ''ایک ولن'' اسی ماہ 27 جون کو دنیا بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے جارہی ہے۔ تو پھر دل تھام کے بیٹھئے شردھا کپور کی معصومیت، سدھارتھ ملہوترا کا جنونی اور رتیش کا منفی انداز جلد ہی لوگوں پر اپنی اداکاری کا جادو چلانے آرہا ہے۔
نوٹ: روزنامہ ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔