دورہ انگلینڈ کیلیے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان ندا ڈار کپتان برقرار

ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں شامل سدرہ نواز ٹیم سے باہر ہو گئیں


فوٹو : پی سی بی

دورہ انگلینڈ کے لیے 17 رکنی قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، ندا ڈار کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں شامل سدرہ نواز ٹیم سے باہر ہو گئیں۔

ویسٹ انڈیز ہی کے خلاف ٹی 20 ٹیم کا حصہ بننے والی تین کھلاڑی عائشہ ظفر، گل فیروزہ اور رامین شمیم کا بھی انتخاب ہوگیا۔ سابق قومی کپتان اور سینیئر بیٹر بسمہ معروف پہلے ہی ون ڈے سیریز کے بعد اچانک ٹی20 سیریز سے دستبردار ہو کر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکی ہیں۔

پی سی بی نے پہلی مرتبہ ویمن سیریز کے لیے خاتون چیف سیکیورٹی افسر کو تعینات کیا ہے، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ میں 11 تا 17 مئی کے درمیان تین ٹی20 جبکہ 23 تا 29 مئی کے درمیان تین ون ڈے میچز کھیلے گی۔

ون ڈے مقابلے آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 2022-25 کا حصہ ہیں، یہ چیمپیئن شپ میں پاکستان کی آٹھویں اور آخری سیریز ہوگی۔ پاکستان 10 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ میں 16 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔ چیمپیئن شپ کی ٹاپ پانچ ٹیمیں، میزبان بھارت کے ساتھ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں گی۔

سال 2016 کے بعد انگلینڈ کا دورہ کرنے والی قومی ویمنز ٹیم اتوار 5 مئی کو اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگی۔

دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان ویمن اسکواڈ ندا ڈار (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، ناجیہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبہ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے۔

دورے میں پاکستان ویمن ٹیم 9 مئی کو ٹی20 وارم اَپ میچ سی سی بی ڈویلپمنٹ الیون سے کھیلے گی، 11 مئی کو پہلا ٹی20 برمنگھم، 17 مئی کو دوسرا میچ نارتھمپٹن اور 19 مئی کو تیسرا میچ لیڈز میں طے ہے۔

اسی طرح، 21 مئی کو ون ڈے وارم اَپ میچ سی سی بی ڈویلپمنٹ سے نارتھمپٹن میں طے ہے جبکہ 23 مئی کو پہلا ون ڈے، ڈربی، 26 مئی کو دوسرا ون ڈے ٹاونٹن اور 29 مئی کو تیسرا ون ڈے چیلمسفورڈ میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔