عمران خان نے مذاکرات کا اختیار دیدیا لیکن ابھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی شبلی فراز
ہماری خواتین گزشتہ ایک سال سے جیلوں میں ہیں،بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے اپنے اوپر مقدمات کا سامنا کریں گے،رہنما پی ٹی آئی
/
May 02, 2024
پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کا اختیار دیا ہے لیکن ابھی تک اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، فی الوقت کسی سے ڈیل یا مذاکرات کی کوئی بات بھی نہیں چل رہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پچیس کروڑ عوام کیلئے جیل میں بیٹھے ہیں ان کا عالمی سطح پر ایک ممتاز مقام ہے اور بانی پی ٹی آئی کے جذبے میں بھی کوئی کمی نہیں آئی۔
انہوں ںے کہا کہ ہماری خواتین گزشتہ ایک سال سے جیلوں میں ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اپنے اوپر قائم مقدمات کا سامنا کریں گے، آٹھ فروری کو عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا آج ہم پریس کانفرنس کررہے ہیں، وہاں وائٹ پیپر جاری کریں گے، متعلقہ اداروں سے گزارش ہے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو واپس کریں۔