سشمیتا سین مس یونیورس فوٹو شوٹ کے دوران بےہوش ہوگئی تھیں

سشمیتا سین مِس یونیورس کا تاج پہنے فوٹو شوٹ کروا رہی تھیں تو پولیس اہلکار اُنہیں دیکھ کر تالیاں بجا رہے تھے، ڈیزائنر


ویب ڈیسک May 03, 2024
سشمیتا سین نے 1994 میں مِس یونیورس کا ٹائٹل جیتا تھا : فوٹو : ویب ڈیسک

پڑوسی ملک بھارت کی معروف ڈیزائنر ریتو کمار نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین مس یونیورس کے فوٹو شوٹ کے دوران بےہوش ہوگئی تھیں۔

بھارتی ڈیزائنر ریتو کمار نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر سشمیتا سین کے مس یونیورس فوٹو شوٹ کی ویڈیو پوسٹ کی ہے جوکہ تاج محل کے سامنے شوٹ کیا گیا تھا۔

ڈیزائنر ریتو کمار نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں کہا کہ میں نے سال 1993 میں مِس انڈیا مقابلے کی ٹیم کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، معاہدے میں مجھے اس مقابلے کی تمام اُمیدواروں کے ملبوسات تیار کرنے کی ذمہ داری ملی تھی۔

ریتو کمار نے کہا کہ یہ میرے کیریئر کا تاریخی لمحہ تھا جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گی، مجھے مِس انڈیا اور پھر مِس یونیورس ٹیم کا حصہ بن کر بہت خوشی محسوس ہوئی تھی۔

ڈیزائنر نے کہا کہ سال 1994 میں سشمیتا سین نے مِس انڈیا کا مقابلہ جیتا اور پھر اداکارہ کو مِس یونیورس مقابلے کے لیے امریکا بھیجا گیا تھا، جب وہ امریکا گئیں تو وہاں بھی میں نے ہی اُن کے ملبوسات تیار کیے۔

اُنہوں نے کہا کہ جب سشمیتا سین مِس یونیورس کا ٹائٹل جیتنے کے بعد امریکا سے واپس دہلی پہنچیں تو مجھے فون کال آئی اور کہا گیا کہ تاج محل آنا ہے، وہاں پہنچنے پر معلوم ہوا کہ مِس یونیورس ٹیم نے تاج محل کے باہر سشمیتا سین کے لیے فوٹو شوٹ رکھا ہے اور ایک بار پھر مجھے اداکارہ کے ملبوسات تیار کرنے کا کہا گیا۔

ریتو کمار نے کہا کہ میں نے اپنی ٹیم کے ساتھ ملکر رات میں اپنا اسٹور کھولا اور چند ہی گھنٹوں میں سشمیتا سین کے لیے تاج محل کے حساب سے روایتی ملبوسات کا انتخاب کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت کی وجہ سے فوٹو شوٹ کرنا بہت مشکل ہوگیا اور اس دوران سشمیتا سین بےہوش بھی ہوگئی تھیں لیکن اس کے باوجود اداکارہ نے اپنا شوٹ مکمل کروایا۔

بھارتی ڈیزائنر نے مزید کہا کہ سشمیتا سین گلابی ساڑھی میں ملبوس سر پر مِس یونیورس کا تاج پہنے فوٹو شوٹ کروا رہی تھیں تو تاج محل کے باہر ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار اداکارہ کو دیکھ کر فخر سے تالیاں بجا رہے تھے، یہ فوٹو شوٹ ملک بھر کے اخبارات میں بھی شائع ہوا تھا۔







View this post on Instagram


A post shared by Ritu Kumar (@ritukumarhq)




تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں