گووندا کی بھانجی راگنی کھنہ نے عیسائی مذہب قبول کرلیا اداکارہ کا بیان آگیا

اگر کوئی مجھے عیسائی یا مسلمان کے طور پر دیکھتا ہے تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں، راگنی کھنہ


ویب ڈیسک May 03, 2024
راگنی کھنہ بالی ووڈ اسٹار گووندا کی بہن کی بیٹی ہیں : فوٹو : ویب ڈیسک

بالی ووڈ اسٹار گووندا کی بھانجی اور اداکارہ راگنی کھنہ نے اپنا ہندو مذہب چھوڑنے سے متعلق زیرِ گردش خبروں پر ردعمل دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ہینڈل کی جانب سے راگنی کھنہ کی تصویر پوسٹ کی گئی تھی جس میں دِکھایا گیا تھا کہ اداکارہ نے ہندو مذہب چھوڑ کر عیسائی مذہب قبول کرلیا ہے۔

مذکورہ تصویر جعلی لگ رہی تھی لیکن اس کے باوجود ہندو انتہا پسند سوشل میڈیا صارفین نے راگنی کھنہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اُنہیں گھٹیا قرار دیا تھا۔

سوشل میڈیا صارفین کے نفرت انگیز تبصروں سے تنگ آکر راگنی کھنہ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مذہب تبدیل کرنے سے متعلق گردش کرتیں تمام افواہوں کی تردید کی۔

راگنی کھنہ نے کہا کہ میری پیدائش ہندو مذہب میں ہوئی لیکن میں تمام مذاہب پر یقین رکھتی ہوں، میرے نزدیک تمام مذاہب کی یکساں اہمیت ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ افواہ پھیلانے والے انسٹاگرام ہینڈل نے میرے ساتھ مشترکہ پوسٹ میں تعاون کیا تھا، میں نے بھی پوسٹ دیکھے بغیر اُس کی درخواست قبول کرلی تھی، بعد میں مجھے معلوم ہوا کہ پوسٹ میں مجھے گرجا گھر میں دکھایا گیا اور یہ تاثر دیا گیا ہے کہ میں نے عیسائی مذہب قبول کرلیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ جب یہ پوسٹ وائرل ہوگئی تو اُس انسٹاگرام ہینڈل نے میرا اکاؤنٹ اُس پوسٹ سے ہٹا دیا تھا، مجھے نہیں معلوم کہ کون میرے خلاف یہ سازش کررہا ہے۔

راگنی کھنہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کبھی بھی کچھ بھی ہوجاتا ہے، میں اپنے چاہنے والوں سے یہی کہنا چاہوں گی کہ ایسی من گھڑت افواہوں پر یقین نہ کریں۔

اداکارہ نے کہا کہ میں مندر، چرچ اور درگاہ بھی جاتی ہوں، اگر کوئی مجھے عیسائی یا مسلمان کے طور پر دیکھتا ہے تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میں نے اپنا مذہب تبدیل نہیں کیا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں پیدائشی طور پر ہندو ہوں، مجھے اپنے مذہب سے پہلے سے زیادہ پیار ہے اور میں دوسرے مذاہب کا بھی احترام کرتی ہوں۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں