بلوچستان میں کسانوں سے 5 لاکھ ٹن گندم خریداری شروع کرنے کا فیصلہ
بلوچستان حکومت نے کسانوں سے 5 لاکھ ٹن گندم خریداری کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت محکمہ خوراک کا اجلاس ہوا، جس میں گندم خریداری پالیسی اینڈ پلان2024ء کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری خوراک کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ گندم خریداری کے لیے اقدامات کو حتمی شکل دی جاررہی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: وزیراعظم نے گندم درآمد کرنے کا نوٹس لے لیا، تحقیقات کا حکم
اجلاس میں بلوچستان میں آئندہ پیر سے گندم خریداری کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ رواں سال کسانوں سے 5 لاکھ ٹن گندم خریدی جائے گی۔ کابینہ نے خریداری کے لیے 5 ارب روپے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ ڈھائی ارب روپے پیر کو جاری کردیے جائیں اور باقی ڈھائی ارب روپے بھی رواں ماہ ہی جاری کیے جائیں۔
مزید پڑھیں: گندم سمیت دیگر اشیا کی اسمگلنگ میں کسٹمز اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیگز کی خریداری کے لیے 13 کروڑ 90 لاکھ روپے آج ہی جاری کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کسانوں کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔ محکمہ خوراک سے بد عنوانیوں کا خاتمہ کرکے شفافیت لائیں گے۔ ماضی کی بدعنوانیوں کی وجہ سے محکمہ خوراک کے افسران معمول کے محکمہ جاتی امور کی انجام دہی سے بھی گریزاں ہیں۔ محکمہ خوراک سے کرپشن کا دھبہ صاف کریں گے۔