کوئٹہ سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر حملہ جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک

پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان بیس منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا

—فائل فوٹو

بلوچستان کے دارالحکومت میں پولیس کی گاڑی پر حملے کرنے والے 4 دہشت گرد جوابی کارروائی میں مارے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سریاب روڈ پر دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی جس میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کی جوابی کارروائی پر ایک دہشت گرد فوری مارا گیا جبکہ باقیوں نے ایک گھر میں پناہ لی جن سے پولیس کا بیس منٹ تک مقابلہ چلتا رہا۔


بعد ازاں گھر میں پناہ لینے والے دہشت گرد بھی پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کے تھانہ نیو سیریاب کی حدود میں پولیس گاڑی پر فائرنگ کرنے والے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے والی پولیس ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ کوئٹہ پولیس نے بہادری کےساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ 4دہشتگردوں کو کیفر کردار پہنچانے والی پولیس پارٹی کو سلام پیش کرتے ہیں، ڈی ایس پی ۔ ایس ایچ او تھانہ نیو سیریاب اور دیگر اہلکاروں نے جرات کا مظاہرہ کرکے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، ہمیں کوئٹہ پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو وطن عزیز میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
Load Next Story