بچوں میں بلند فشار خون فالج کے امکانات 4 گنا تک بڑھا سکتا ہے تحقیق

تحقیق میں ایسے 25 ہزار 605 بچے اور نوجوانوں کا موازنہ ان بچوں اور نوجوانوں کے ساتھ کیا جن کے ساتھ یہ مسئلہ نہیں تھا


ویب ڈیسک May 05, 2024

ایک نئی تحقیق کے مطابق بچپن اور نوجوانی میں ہائپرٹینشن کا ہونا ممکنہ طور پر فالج اور دل کے دورے جیسی طویل مدتی سنجیدہ نوعیت کے قلبی امراض کے خطرات چار گُنا تک بڑھ سکتا ہے۔

عالمی سطح پر ہر 15 بچوں اور نوجوانوں میں سے ایک ہائپرٹینشن سے متاثر ہوتا ہے اور یہ ایک بڑا خطرہ بن گیا ہے۔

اس کیفیت کے دیرپا اثرات کو سمجھنے کے لیے محققین نے 25 ہزار 605 بچے اور نوجوانوں (جن میں 1996 اور 2021 کے درمیان ہائپرٹینشن کی تشخیص ہوئی) کا موازنہ ان بچوں اور نوجوانوں کے ساتھ کیا جن کے ساتھ یہ مسئلہ نہیں تھا۔

13 سال کے معائنے کے بعد معلوم ہوا کہ ہائپرٹینشن میں مبتلا افراد میں دیگر کی نسبت دل کے دورے، ہارٹ فیلئر، فالج یا دل کی سرجری کے خطرات دو سے چار گُنا زیادہ پائے گئے۔

کینیڈا کے ہاسپٹل فار سِک چلڈرن میں تعین پیڈیاٹرک نیفرولوجی فیلو کال ایچ روبنسن کا کہنا تھا کہ بچوں میں بلڈ پریشر کی اسکریننگ اور کنٹرول کے لیے مزید وسائل ہائپرٹینشن میں مبتلا بچوں میں طویل مدتی قلبی امراض کے خطرات کو کم کر سکتا ہے۔

تحقیق کے نتائج کو دیکھتے ہوئے ماہرین نے بچپن میں بلڈ پریشر اسکریننگ اور علاج کو بڑھانے پر زور دیا ہے تاکہ بڑی عمر میں سنجیدہ نوعیت کے قلبی امراض کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔

تحقیق کے نتائج ٹرونٹو میں 3 سے 6 مئی کے دوران منعقد ہونے والی پیڈیاٹرک اکیڈمک سوسائٹیز (پی اے ایس) 2024 میں پیش کی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں