سانحہ لاہور میں جاں بحق 6 افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

23 جون کو ہر صورت پاکستان آؤں گا جس کے بعد اتحادیوں کے مشورے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری


ویب ڈیسک June 18, 2014
نماز جنازہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے صاحبزادے نے پڑھائی جس میں پرویز الہٰی اور محمود الرشید سمیت جاں بحق افراد کے رشتہ داروں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے منہاج القرآن کے 6 کارکنان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں 2 خواتین سمیت 6 افراد کی نماز جنازہ ادا کی گئی جن میں صفدر علی، محمد عمر، محمد اقبال، عاصم، تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ شامل ہیں، نماز جنازہ پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے صاحبزادے حسن محی الدین نے پڑھائی جس میں مسلم لیگ (ق) کے چوہدری پرویز الہٰی اور تحریک انصاف کے میاں محمود الرشید سمیت جاں بحق افراد کے رشتہ داروں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس کے بعد میتوں کو سپرد خاک کردیا گیا۔


دوسری جانب طاہر القادری نے سانحے کی تحقیقات کے لئے بنائے جانے والے کمیشن کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے خون کا بدلہ انقلاب سے لانا چاہتا ہوں، 23 جون کو ہر صورت پاکستان آؤں گا جس کے بعد اتحادیوں کے مشورے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔


واضح رہے کہ تحریک منہاج القرآن سیکریٹریٹ اور عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کے معاملے پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت 80 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں