پولیس اہلکار کے بھائی کی شادی میں فائرنگ سے مہمان جاں بحق

شادی ایس ایس پی سٹی کے پی ایس او کے بھائی کی تھی

شادی ایس ایس پی سٹی کے پی ایس او کے بھائی کی تھی

لیاری کے علاقے میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر ٹرانسپورٹر جاں بحق ہوگیا۔

شادی ایس ایس پی سٹی کے پی ایس او کے بھائی کی تھی ، پولیس پی ایس او کو بچانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے ، مقتول کے ورثا نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ کے علاقے لیاری جنرل اسپتال کے عقب میں واقعے تغلق لائن میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص سینے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا ، مقتول کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں اس کی شناخت 40 سالہ محمد اسرار نیازی ولد دوست علی نیازی کے نام سے کی گئی۔


مقتول تغلق لائن کا رہائشی اور ٹرانسپورٹر تھا ۔ وہ شادی شدہ تھا تاہم اس کے ہاں کوئی اولاد نہیں تھی جبکہ وہ 6 بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا۔

مقتول کے بھائیوں اور علاقے کے دیگر لوگوں نے سول اسپتال میں بتایا کہ واقعے کے وقت مقتول اپنے دوستوں کے ہمراہ محلے میں ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے پی ایس او غلام نبی کے بھائی کی شادی کی تقریب میں شریک تھا کہ تقریب میں اچانک ہوائی فائرنگ شروع کر دی گئی ، فائرنگ اتنی شدید تھی کہ علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔

اسرار بھی فائرنگ سے بچنے کے لیے قریبی کھڑے ایک رکشا میں بیٹھ گیا تاہم اسی دوران ایک گولی اسے سینے پر آلگی اور اندر ہی پیوست ہوگئی ، مقتول کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔

چاکیواڑہ پولیس ایس ایس پی کے پی ایس او کو بچانے کے لیے شادی کی تقریب میں ہونے والی فائرنگ کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے تاہم مقتول کے بھائی اور اس کے دوست فائرنگ میں ملوث ملزم کے نام سے واقف ہونے کے باعث نامزد ملزم کے خلاف ایف آئی آر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں ۔
Load Next Story