کرینہ کپور یونیسیف کی سفیر مقرر
گزشتہ 10 سال سے یونیسیف انڈیا کے ساتھ کام کررہی ہوں، کرینہ کپور
بالی ووڈ میں 'بیبو' کے نام سے مشہور اداکارہ کرینہ کپور کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے بھارت میں اپنا قومی سفیر مقرر کر دیا۔
کرینہ کپور نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی چند تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کیں جن میں اُنہیں یونسیف انڈیا کی ٹیم کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ یہ میرے لیے ایک جذباتی دن ہے، مجھے یونیسیف انڈیا کا قومی سفیر مقرر ہونے پر فخر ہے اور یہ بھی میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں گزشتہ 10 سال سے یونیسیف انڈیا کے ساتھ کام کررہی ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں ہم نے جو کام بھی کیا مجھے اس کام پر فخر ہے، میں آج عزم کرتی ہوں کہ میں تمام بچوں کے حقوق کے فروغ و تحفظ اور مساوی مستقبل کے لیے آواز بلند کرتی رہوں گی۔
کرینہ کپور نے کہا کہ یونیسیف انڈیا کی پوری ٹیم کا خصوصی شکریہ جو ملک بھر میں خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے، میں آپ کے کام سے بہت متاثر ہوتی ہوں۔
بالی ووڈ اداکارہ نے مزید کہا کہ میں آج اس خاص دن کے موقع پر عہد کرتی ہوں کہ میں ہر بچے کی آواز بنوں گی۔