ملیر جیل سے3 قیدی فرار سرچ آپریشن میں2 پکڑے گئے ایک قیدی کی تلاش جاری

قیدی جیل کے عقبی حصے کی گرل کاٹ کرفرارہوئے،قیدیوں کوگرل کاٹنے کاآلہ جیل اہلکاروں نے بڑی رقم کے عوض پہنچایا،ذرائع

ایف سی نے قیدی دانیال بٹ کوپکڑلیا،جیل میں چھپاقیدی طاہرزمان بھی پولیس کے ہاتھ آگیا،ذاکربنگالی کی تلاش میں چھاپے جاری فوٹو: فائل

ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے منگل کو علی الصباح 3 قیدی فرار ہوگئے،2کو پکڑلیا گیا، تیسرے قیدی کی تلاش جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو علی الصباح ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے3 قیدی دانیال بٹ ، سردار طاہر زمان اور ذاکر بنگالی فرار ہوگئے، ذرائع نے بتایا کہ تینوں قیدی جیل کے عقبی حصے میں قائم سرکل ٹو میں قید تھے اور تینوں قیدی گرل کاٹ کر وہاں سے نکلے ، قیدیوں کے فرار پر جیل حکام اور سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں میں کھلبلی مچ گئی، جیل میں تعینات فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں نے قیدیوں کا تعاقب کیا جس کے بعد ایک قیدی دانیال بٹ پکڑا گیا، واقعے کے فوری بعد جیل میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا بھی آغاز کیا گیا ۔


جس کے دوران جیل کے عقبی حصے میں چھپا دوسرا قیدی طاہر زمان بھی پولیس کے ہاتھ آگیا، تیسرے قیدی ذاکر بنگالی کی تلاش جاری ہے، ذرائع نے بتایا کہ سرکل ٹو میں قیدیوں کے پاس گرل کاٹنے کا آلہ مبینہ طور پر جیل پر تعینات اہلکاروں نے ہی انھیں ایک بڑی رقم کے عوض پہنچایا، جیل میں جاری تعمیراتی کام کے دوران وہاں بہت سے آلات موجود ہیں لیکن خصوصی طور پر گرل کاٹنے والا آلہ ہی قیدیوں تک پہنچنا جیل حکام کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے، جیل حکام نے بتایا کہ جیل کے عقبی حصے میں تعمیراتی کام جاری ہے ۔

جس کے باعث وہاں آمدورفت معمول سے زیادہ ہے ، قیدیوں نے اسی کا فائدہ اٹھایا، حکام نے مزید بتایا کہ دانیال بٹ کو گبول ٹاؤن پولیس نے ڈکیتی کے الزام میں گرفتار کیا تھا جبکہ اسے15 اپریل کو جیل لایا گیا، طاہر زمان کو کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے ناجائز اسلحے کی مقدمے میں گرفتار کیا ذاکر بنگالی کو بھی کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے ڈکیتی کے الزام میں گرفتار کرکے 4 جون کو جیل پہنچایا تھا۔
Load Next Story