کراچی میں منشیات فروشوں کی فائرنگ سے 2 دوست جاں بحق

مقتولین بچپن کے دوست تھے، دونوں نے منشیات فروشوں کو کچھ عرصہ قبل پولیس کے ہاتھوں گرفتار کروایا تھا


Staff Reporter May 06, 2024
(فوٹو: فائل)

کورنگی بلال کالونی میں منشیات فروشوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 2 دوستوں کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے ۔


پولیس کے مطابق مقتولین اپنی دکانیں بند کر کے گھر جا رہے تھے کہ گھات لگائے ملزمان نے موٹرسائیکل سے ٹکر مار کر انہیں نیچے گرایا ، ایک درجن سے زائد گولیاں برسائیں اور فرار ہوگئے ۔ مقتولین کا آبائی تعلق خیبر پختونخوا اور اندرون سندھ سے تھا ۔


واقعہ انڈسٹریل ایریا کورنگی کے علاقے بلال کالونی مین روڈ لاشاری میڈیکل اسٹور غریب نواز مسجد کے قریب پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں دوستوں کی شناخت 36 سالہ امتیاز ولد نثار احمد اور 40 سالہ محمد علی کے ناموں سے ہوئی۔ مقتول امتیاز کورنگی انڈسٹریل ایریا سیکٹر 8 سی بلال کالونی کا رہائشی اور 6 بچوں کا باپ تھا اور گاڑیوں کا مکینک تھا ۔ اس کا بلال چورنگی کے قریب گیراج ہے ۔ آبائی تعلق کوہاٹ سے تھا ۔


مقتول محمد علی کورنگی بلال کالونی بنگالی بازار کا رہائشی اور 5 بچوں کا باپ تھا جب کہ وہ موٹرسائیکل کا مکینک تھا اور مقتول امتیاز کی دکان کے برابر والی دکان اس کی تھی ۔ مقتولین آپس میں بچپن کے دوست تھے ۔ آبائی تعلق اندرون سندھ نوشہرو فیروز سے تھا ۔


عینی شاہدین کے مطابق اتوار کی شب تقریباً ساڑھے 11 بجے امتیاز اور محمد علی دکان پر کام ختم کر کے گھر واپس جا رہے تھے کہ بلال کالونی مین بازار والی گلی میں 125 موٹرسائیکل پر سوار 3 افراد آئے اور انہوں نے پہلے محمد علی کی موٹرسائیکل کو ٹکر مار کر گرایا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کر دی ۔ ملزمان نے ابتدائی طور پر دونوں پر 4 گولیاں برسائیں اور چلے گئے ۔ کچھ فاصلے پر جانے کے بعد ملزمان واپس آئے اور ایک مرتبہ پھر انہوں نے دونوں پر گولیاں برسائیں اور اور پھر اسلحہ لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے ۔


علاقہ مکینوں کے مطابق فائرنگ کرنے والے تینوں ملزمان منشیات فروش اور ڈکیت ہیں ۔ تینوں کو کچھ عرصہ قبل امتیاز اور محمد علی نے پولیس کے ہاتھوں پکڑوایا تھا ۔ ملزمان نے اپنا بدلہ لینے کے لیے دونوں کو قتل کیا ہے ۔


عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک درجن سے زائد فائر کیے، جس میں مقتول امتیاز کو 6 اور محمد علی کو 2 گولیاں لگیں ۔ پولیس کو جائے وقوع سے 30 بور پستول کے 3 خول ملے ہیں ۔ پولیس نے جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم اور ضابطے کی کارروائی کے بعد مقتولین کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔


دوسری جانب کورنگی بلال کالونی میں فائرنگ کے واقعے میں 2 دوستوں کے قتل کا مقدمہ الزام نمبر24/559 قتل کی دفعہ کے تحت 5 ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں 5 ملزمان سلطان ،نادر، نعمان عرف شاہو پٹھان ، دانش اور ایک صورت شناس نامعلوم ملزم کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں جب کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں