عورت کا بھیس بدل کر پولیس کو چکما دینے والا چور گرفتار
پولیس ملزم کو پکڑنے کے لیے علاقے کی چھان بین کررہی تھی جب انہوں نے ایک سنہرے بالوں والی عورت کو دیکھا
امریکا میں ایک شہری کو سنہرے بالوں والی عورت کا روپ دھار کر پولیس سے بچنے کی کوشش میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ شہری کو حال ہی میں ایک کشتی چوری کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا جب وہ سنہرے بالوں والی وِگ، عورت کا لباس اور دھوپ کا بڑا چشمے پہن کر پولیس سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔
ملزم کی شناخت جوشوا کولوٹکا کے نام سے ہوئی ہے جنہیں ایک کشتی چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس ملزم کو پکڑنے کے لیے علاقے کی چھان بین کررہی تھی جب اسی دوران انہوں نے ایک سنہرے بالوں والی عورت کو دیکھا جس نے ہلکے نیلے رنگ کے لباس پر سفید کوٹی پہنا ہوا تھا اور بڑا چشمہ لگا کر گھر سے نکل رہی تھی۔
پولیس نے اسے روکا اور فوراً ہی سمجھ گئے کہ عورت دراصل ایک مرد ہے اور تفتیش کے بعد وہ ملزم جوشوا ہی نکلا جسکی انہیں تلاش تھی۔ جوشوا کو فوراً حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اپنی ریلیز میں لکھا ہے کہ انہوں نے جوشوا کولوٹکا کو عورت کا بھیس بدل کر ایک رہائش گاہ سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا۔ پولیس نے مزید کہا کہ مشتبہ شخص کے گھر سے چوری کی گئی متعدد دیگر اشیا بھی ملی ہیں۔ تفتیش کار اب چوری کی دیگر وارداتوں سے جُڑے واقعات کی بھی تفتیش کریں گے۔