پختونخوا کی گورننس زیادہ بہتر نہیں نفرتوں کا خاتمہ کروں گا گورنر کے پی کے
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کے پی کے میں گورننس زیادہ بہتر نہیں ہے، میں نفرتوں کے خاتمے کے لیے کردار ادا کروں گا۔
مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں، میری کوشش ہوگی کہ میں خیبر پختونخوا کا وکیل بنوں، ہم نفرتوں کا خاتمہ کریں گے۔ صوبے کی گورننس زیادہ بہتر نہیں ہے، صوبے کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کوسہولیات کی فراہمی یقینی بناناہماری اولین ترجیح ہوگی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے جوانوں کا مورال بلندکریں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان کی نفی کرتاہوں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اسلام آباد پر چڑھائی کے بیان پرقانونی چارہ جوئی ہوگی۔
گورنر کے پی کے نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال ٹھیک نہیں ہے۔ پختونخوا میں معیشت کی حالت دگرگوں ہے۔ کے پی کے میں سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کا سدباب ضروری ہے۔ ہر سیاسی جماعت کے ساتھ مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں وفاق اور صوبے کو قریب لاؤں گا، نفرت نہیں ، محبت بڑھانا چاہتا ہوں۔ اللہ کی مہربانی اور پارٹی کے اعتماد سے گورنر خیبر پختونخوا کا عہدہ سنبھالا ہے۔ کوشش ہوگی خیبر پختونخوا میں امن قائم ہو۔