ایشیائی باشندے نے محبوبہ کو قتل کرکے دکان کو آگ لگادی3 پاکستانی زخمی

ملزم نے محبوبہ کو بچانے کی کوشش کرنے والے 3 دکانداروں کو بھی چاقو مار کر زخمی کردیا

ملزم نے محبوبہ کو بچانے کی کوشش کرنے والے 3 دکانداروں کو بھی چاقو مار کر زخمی کردیا، فوٹو: عرب میڈیا

متحدہ عرب امارات میں ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے شاپنگ سینٹر میں خاتون کو تلخ کلامی کے بعد چاقو کے وار کرکے قتل کردیا اور پھر دکان کو بھی آگ لگا دی۔

عرب میڈیا کے مطابق خاتون کو حملہ آور سے بچانے کی کوشش میں دیگر 3 دکاندار زخمی بھی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ ان تینوں کا تعلق پاکستان سے تھا اور وہ روزی روٹی کے لیے عجمان آئے ہوئے تھے۔

پولیس نے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا جس نے اعترافی بیان میں بتایا کہ مقتولہ کے ساتھ اس کا کافی عرصے سے معاشقہ چل رہا تھا۔ خاتون اس شاپنگ سینٹر کی دکان میں سیلز گرل کے طور پر کام کرتی تھیں۔

ملزم نے بیان میں مزید کہا کہ چند دنوں سے ہمارے درمیان جھگڑے کے باعث بات چیت بند تھی۔ آج اپنی محبوبہ کو منانے آیا تھا لیکن بات تلخ کلامی تک جا پہنچی اور غصے میں آکر اسے چاقو مار دیا۔


عجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے فرار ہونے سے قبل اُس دکان کو بھی آگ لگادی جہاں وہ خاتون کام کیا کرتی تھیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے دکان میں لگی آگ پر قابو پالیا لیکن تب تک تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

عجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق بھی پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر کوٹلی سے ہے تاہم مقتولہ خاتون اور ملزم شخص کے نام اور دیگر تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

 

 
Load Next Story