طاہرالقادری اشتعال پھیلا کر پوری قوم کی اجتماعی قبر کھود رہے ہیں رانا ثناءاللہ

طاہر القادری نے وصیت کی ہے کہ مرنے کے بعد ان کی تدفین قبر میں نہ کی جائے، وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ

گلو بٹ کا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں ہے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے، راناثناءاللہ فوٹو:فائل

پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری خود میں قبر میں جانے سے خوفزدہ ہیں لیکن اشتعال پھیلا کر پوری قوم کی اجتماعی قبر کھودنا چاہ رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ طاہرالقادری مرنے بعد قبر میں جانے سے خوفزدہ ہیں اور انہوں نے ایک وصیت کی ہے کہ مرنے کے بعد ان کی تدفین قبر میں نہ کی جائے، وہ خود قبر سے ڈرتے ہیں لیکن میڈیا کے ذریعے لوگوں میں اشتعال پھیلا کر پوری قوم کی اجتماعی قبر کھودنے کی کوشش کررہے ہیں۔


رانا ثنااللہ نے کہاکہ گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف ہونے والا آپریشن صرف وہاں سے رکاوٹیں ہٹا کر علاقے کو کلیئر کرانے کے لئے کیا گیا تھا لیکن وہاں وہ کون سے ہاتھ اور عوامل تھے جس کے باعث حالات اس نہج تک پہنچے اس کی تحقیقات کے لئے حکومتی اور عدالتی سطح پر کمیٹیوں کا قیام عمل میں آچکا ہے جو ذمہ داروں کا تعین کریں گی جس کے بعد ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

آپریشن کے دوران پولیس کی سرپرستی میں توڑ پھوڑ کرنے والے گلو بٹ کا کہنا تھا کہ اس شخص کا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں ہے، توڑ پھوڑ کے الزام میں اس شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور جس پولیس افسر کے احکامات پر وہ گاڑیوں کو نقصان پہنچا رہا تھا اسے بھی عہدے ہٹا دیا گیا۔
Load Next Story