ڈاکٹرز نے متحدہ کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کیلئے آئندہ چند گھنٹے اہم قرار دے دیئے

طاہرہ آصف کو اقبال ٹاؤن میں 2 موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں


ویب ڈیسک June 18, 2014
طاہرہ آصف کی دوبارہ سرجری کے بعد انہیں آئی سی یو منتقل کردیا گیا، میڈیکل بورڈ۔ فوٹو:فائل

قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والی متحدہ قومی مومنٹ کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کی دوبارہ سرجری کرنے کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا جبکہ ڈاکٹرز نے آئندہ چند گھنٹے اہم قرار دیئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف اپنے بیٹے کے ہمراہ لاہور سے اسلام آباد جانے کے لئے گھر سے نکلیں تو اقبال ٹاؤن میں 2 موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں طاہرہ آصف کی کمر میں 2 گولیاں لگیں جب کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ طاہرہ آصف کے بیٹے نے اپنی والدہ کو شیخ زید اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق طاہرہ آصف کو سرجری کے بعد آئی سی یو منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا جائے گا جبکہ آئندہ 36 گھنٹے بہت اہم ہیں۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے طاہرہ آصف پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق متحدہ کی رکن قومی اسمبلی کو ٹارگٹ کیا گیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ طاہرہ آصف پر فائرنگ کے واقعہ کی جلد از جلد تحقیقات کرائی جائے اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ طاہرہ آصف کو ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس میں وہ شدید زخمی ہوئیں جب کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کو فون کیا اور طاہرہ آصف پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طاہرہ آصف پر حملہ کرنےوالوں کو گرفتار کیا جائیگا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے شیخ زید اسپتال میں طاہرہ آصف کی عیادت بھی کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں