سندھ اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) کے تحت کیریئر کیئر جاب فیئر کا انعقاد کیا جارہا ہے ، جو کل 9 مئی کو ایکسپو سینٹر کراچی میں ہوگا۔
چیئرمین سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر طارق رفیع نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جاب فیئرمیں میڈیا گروپ کے علاوہ آٹو موبائل انڈسٹری، فارما انڈسٹری ،بینکنگ سیکٹر اور فوڈ انڈسٹری سمیت دیگر صنعتوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں شریک ہورہی ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے تعاون سے اندرون سندھ کی جامعات سے آنے والے طلبہ کو جامعہ کراچی کے ہاسٹل میں ٹھہرایا جائے گا۔
ڈاکٹر طارق رفیع کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صوبائی جامعات کو 35 ارب سالانہ گرانٹ دے رہی ہے جس میں 8 ارب روپے ترقیاتی گرانٹ کے بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری سندھ ایچ ای سی معین صدیقی اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نعمان احسن بھی موجود تھے ۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر نعمان احسن نے بتایا کہ جاب فیئر 2022 میں بھی منعقد کیا گیا تھا، اس کا مقصد صنعتوں اور کاروباری اداروں سے اکیڈیمیا کے تعلق کو استوار کرنا ہے تاکہ جامعات سے فارغ التحصیل طلبہ روزگار کے مواقع ایک چھت کے نیچے حاصل کرسکیں۔ اس میں 109 کمپنیاں شریک ہورہی۔ اس بار ایسے اداروں یا کمپنیوں کو مدعو نہیں کیا گیا جو صرف فیئر میں آکر اپنی مارکیٹنگ کرتی ہیں ۔
جاب فیئر میں 1565 جابز (ملازمتیں) آفر ہوں گی، جس کے لیے سرکاری و نجی جامعات کے 9 ہزار سے زائد طلبہ نے رجسٹریشن کرائی ہے۔ ڈاکٹر طارق رفیع کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یکم جون کو سندھ ایچ ای سی کی جانب سے جامعات کے طلبہ اپنے تعلیمی پروجیکٹ کا شو کیس پیش کریں گے۔ یہ شو کیس ایونٹ بھی ایکسپو سینٹر کراچی میں ہوگا۔
سیکرٹری معین صدیقی کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ جامعات کے ڈینز کے لیے ایڈمنسٹریٹیو اور فنانس ٹریننگ جلد نیپا میں کرائی جارہی ہے تاکہ جامعات کے ڈینز بھی ان چیلنجز سے نمٹ سکیں۔