مرلی دھرن پاکستان کے خلاف سیریز میں آسٹریلین ٹیم کی کوچنگ کریں گے

مرلی دھرن پاکستان کے خلاف بالرز کی تربیت کے ساتھ ساتھ بلے بازوں کو بھی رہنمائی فراہم کریں گے۔


ویب ڈیسک June 18, 2014
سعید اجمل دنیا کے بہترین بلے بازوں کے لئے بھی مشکل بالر ہیں، مرلی دھرن فوٹو: فائل

سری لنکا کے سابق جادوگر اسپن بالر متھیا مرلی دھرن پاکستان کے خلاف سیریز کے دوران اسٹریلین ٹیم کی کوچنگ کریں گے۔

کرکٹ سے متعلق ویب سائٹ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں رواں برس کھیلی جانے والی سیریز میں کھلاڑیوں کی رہنمائی کے لئے مرلی دھرن کو کوچنگ کنسلٹنٹ بننے کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے قبول کرلیا ہے۔ پاکستان کے خلاف سیریز میں بالرز کی کوچنگ کے علاوہ آسٹریلین بلے بازوں کو پاکستانی اسپنرز سے نمٹنے کے گر سکھانا بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا۔

مرلی دھرن نے آسٹریلوی ٹیم کے بالنگ کنسلٹنٹ بننے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا موسم اور پچیں اسپنرز کے لئے سازگار سمجھی جاتی ہیں، اس کے علاوہ پاکستان کے سعید اجمل دنیا کے بہترین بلے بازوں کے لئے بھی مشکل بالر ہیں لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ سعید اجمل کی بالنگ کا انداز ان سے ملتا جلتا ہے اس لئے وہ اگر آسٹریلین بلے بازوں کو مشق کرائیں تو اس سے انہیں مدد مل سکتی ہے۔ جس سے پاکستان کے خلاف سیریز میں وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ متھیا مرلی دھرن ان دنوں آسٹریلین اسپنر ناتھن لیون کی بالنگ میں بہتری لانے کے لئے آسٹریلیا میں ہی ہیں اور وہ لیون کو دوسرا کے علاوہ کیرم بال کی تربیت دے رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں