اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کی مستقل رکنیت کی قرارداد منظور

قرارداد کے حق میں 143 ممالک نے ووٹ دیا جبکہ 30 ممالک نے مخالفت کی اور 25 ممالک غیر حاضر رہے


ویب ڈیسک May 10, 2024
فوٹو فائل

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کی مستقل رکنیت کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین کی مستقل رکنیت کی قرارداد کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں 143 ممالک نے حق جبکہ 30 ممالک نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ ووٹنگ کے دوران 25 ممالک ایوان سے غیر حاضر رہے۔

اس سے قبل فلسطینی سفیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد پر ہاں کا ووٹ فلسطینیوں کے وجود کے حق میں ووٹ ہے، یہ ووٹ کسی ریاست کے خلاف نہیں، بلکہ فلسطینیوں کو ان کی ریاست سے محروم کرنے کی کوششوں کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج آپ کا ووٹ فلسطینیوں کے ساتھ آپ کی یکجہتی کے بارے میں بہت کچھ کہے گا اور اس سے معلوم ہوگاکہ آپ کون ہیں اور کس کیلئے کھڑے ہیں، ہم امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ غزہ میں 35 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 80 ہزار زخمی اور بیس لاکھ سے زیادہ بے گھر ہوچکے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 1967 کے بعد سے فلسطینی اسرائیل کے ظالمانہ قبضے کے تحت زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، 1947 میں اقوام متحدہ کے ووٹ کے نتیجےمیں فلسطینی اور اسرائیل دو الگ ریاستیں بنیں، اس کے باوجود صرف اسرائیل اقوام متحدہ کا رکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام 1947 سے اپنے حق خود ارادیت سے محروم ہیں، آج جنرل اسمبلی میں اٹھایا جانے والا معاملہ تنازع کے حتمی حل کی جانب پہلا قدم ہے اور یہ فلسطینی عوام کے ساتھ تاریخی ناانصافیوں کا ازالہ کرنے کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کی آزاد ریاست سے متعلق قرارداد کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔