افغانستان میں شدیدبارش سیلاب سے 50 افراد جاں بحق

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ طوفانی بارش سے 100 سے زائد شہری زخمی ہوئے اور مزید طوفانی بارش کی پیش گوئی ہے

افغانستان میں گزشتہ ماہ طوفانی بارشوں سے 70 افراد جاں بحق ہوگئے تھے—فائل/فوٹو: اے ایف پی

افغانستان کے شمالی صوبہ بغلان میں شدید بارش اور سیلاب سے 50 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قنائی نے بتایا کہ بغلان میں ہونے والے شدید بارش اور سیلاب سے جمعے کو 50 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں اورہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا۔

ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ بغلان میں 5 سے اضلاع میں سیلابی صورت حال ہے، جہاں 150 سے زائد افراد پھنسے ہوئے ہیں اور فوری امداد کے منتظر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعے کو مزید طوفانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

عبدالمتین قنائی نے کہا کہ وزارت داخلہ نے امدادی ٹیمیں اور ہیلی کاپٹرز مذکورہ علاقے کی طرف بھیج دیا ہے لیکن ہیلی کاپٹر میں نائٹ ویژن لائٹ کی کمی کی وجہ سے امدادی کارروائی ممکن نہیں ہوسکے گی۔


خیال رہے کہ افغانستان میں گزشتہ ماہ بھی طوفانی بارش سے درجنوں ہلاکتیں ہوئی تھیں اور سرکاری ڈیزاسٹر منیجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے بتایا تھا کہ بارشوں کے دوران 70 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے ترجمن جانان صائق نے بتایا تھا کہ بارش کی وجہ سے 70 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، 56 افراد زخمی ہوئے، 2600 گھروں کو نقصان پہنچا اور 95 ہزار ایکڑ زرعی اراضی تباہ ہوگئی ہے۔

اقوام متحدہ نے گزشتہ برس خبردار کیا تھا کہ افغانستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے بدترین اثرات پڑیں گے اور موسم کی تبدیلی سے حالات انتہائی سنگین ہوسکتے ہیں۔

 

 
Load Next Story