نیویارک اسٹیڈیم میں رنز کے طوفان کی پیشگوئی

سیدھی بیٹ پر آنے والی گیند پر بیٹرز مرضی کے شاٹس کھیل سکیں گے،کیوریٹر


Sports Desk May 11, 2024
سیدھی بیٹ پر آنے والی گیند پر بیٹرز مرضی کے شاٹس کھیل سکیں گے، کیوریٹر۔ فوٹو: آئی سی سی

نیویارک اسٹیڈیم میں رنز کے طوفان کی پیشگوئی جاری ہوگئی۔

نیویارک کا نیسائو کائونٹی اسٹیڈیم جون میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ کے 8 میچز کی میزبانی کرے گا، اس میں 9 جون کو پاکستان اور بھارت کا ہائی وولٹیج مقابلہ بھی شامل ہے۔

ایڈیلیڈ اوول آسٹریلیا کے چیف کیوریٹر ڈیمن ہوف اپنی کنسلٹنسی فرم بھی شروع کرچکے، انھوں نے 2022 میں پاکستان میں بھی پچز کے حوالے سے مشاورت فراہم کی تھی۔

ہوف نے کہا کہ ایک روز مجھے آئی سی سی کی جانب سے فون کال موصول ہوئی کہ کیا میں امریکا میں ورلڈکپ کیلیے پچز کی تیاری میں دلچسپی رکھتا اور دستیاب ہوں، سب سے پہلے مجھے درپیش چیلنجز کا خیال آیا کیونکہ 12 ماہ کا مختصر وقت اور موسمی چیلنجز کا بھی سامنا تھا، اس کے باوجود میں نے اور میری ٹیم نے یہ چیلنج قبول کیا، ہم نے فلوریڈا میں ڈراپ ان پچز تیار کیں کیونکہ وہاں پر موسم سردیوں میں امریکا کے دیگر علاقوں کی بانسبت بہتر تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ؛ پاک بھارت مقابلہ ڈراپ ان پچز پر ہوگا

انہوں نے کہا کہ نیویارک کے بہت زیادہ سرد موسم میں پچز تیار نہیں ہوسکتی تھیں، ہم نے ان پچز پر امریکا میں برمودا کے نام سے مشہور گھاس لگائی، سب سے بڑا چیلنج ان پچز کو فلوریڈا سے نیویارک منتقل کرنا تھا، 2 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے میں دو روز لگنے تھے، ہم ان پچز کو بڑے ٹرالرز پر لے کر آئے، راستے میں مختلف موسمی صورتحال تھیں، ہمارا تجربہ ایڈیلیڈ میں ان پچز کو صرف 2 کلومیٹر تک لے جانے کا تھا مگر زندگی میں آپ ہر کام کبھی پہلی بار ہی کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں برس فروری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایڈیلیڈ اوول میں گلین میکسویل نے صرف 55 بالز پر 120 رنز بنائے تھے، ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے کیریئر میں اس سے بہترین پچ نہیں دیکھی۔

ڈیمن ہوف کے مطابق نیویارک میں بھی خالص ٹی 20 ٹریک ہوگا، جس پر گیند سیدھی بیٹرز کے بیٹ پر آئے گی اور وہ اپنے شاٹس کھیل پائیں گے، اس پر ہائی اسکور کی امید ہے، شائقین کو زیادہ سے زیادہ تفریح حاصل ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں