فٹبال ورلڈ کپ میں ہالینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دیکر اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا

میچ کے 58ویں منٹ تک مقابلہ 2-2 گول سے برابر تھا تاہم 68ویں منٹ میں ہالینڈ نے تیسرا گول کرکے فتح کن برتری حاصل کرلی

ہالینڈ کی ٹیم یہ میچ جیت کر اگلے راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ فوٹو: رائٹرز

KARACHI:
فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں ہالینڈ نے آسٹریلیا کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا کر اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔


پورٹو الیگرے میں کھیلے گئے میچ میں ہالینڈ کے ارین رابن نے 20ویں منٹ پہلا گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی لیکن ہالینڈ کی یہ برتری اگلے ہی منٹ میں اس وقت ختم ہوگئی جب آسٹریلیا کے ٹم کیہل نے گول کرکے مقابلہ ایک،ایک گول سے برابر کردیا اور میچ کا پہلا ہاف دونوں ٹیموں کی برابری پر ختم ہوا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا، آسٹریلیا نے ہالینڈ کے گول پوسٹ پر کئی وار کئے اور 54 ویں منٹ میں مائل جیڈیناک نے آسٹریلیا کی جانب سے دوسرا گول کرکے ہالینڈ پر ایک گول کی برتری حاصل کرلی تاہم 4 منٹ بعد ہی ہالینڈ کے رابن وین پرسی نے گول داغ کر مقابلہ ایک بار پھر برابر کردیا، ہالینڈ کی میچ میں فتح کے امکانات اس وقت روشن ہوئے جب میمپھس ڈیپے نے 68ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 2-3 کردیا اور ہالینڈ کی ایک گول کی یہ برتری آخر تک برقرار رہی اور یوں ہالینڈ کی ٹیم یہ میچ جیت کر اگلے راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
Load Next Story