بلوچستان پوست کی کاشت کے خلاف کارروائی ملزمان کے حملے میں 6اہلکار زخمی

مسلح ملزمان نے گھات لگاکر فورسز پر مشین گنز اور راکٹ لانچرز سے حملہ کیا اور 6 اہلکار شدید زخمی ہوئے، ترجمان اے این ایف

کارروائی کے دوران 6 اہلکار زخمی ہوئے—فوٹو: اے این ایف

بلوچستان میں پوست کی کاشت کے خلاف جاری آپریشن کے دوران گھات لگائے مسلح افراد کی لائٹ مشین گنز اور راکٹ لانچرزسے حملے کے دوران اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہل کارزخمی ہوگئے۔

اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس، حکومت بلوچستان اور فرنٹیئرکور نارتھ کے تعاون سے بلوچستان میں پوست کے خاتمے کی مہم جاری ہے اور اس کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ 25 مارچ کو لورالائی، دکی،کوئٹہ، چمن اور قلعہ عبداللہ میں مہم کا آغاز کیا گیا تھا، 6مئی کو اے این ایف اور دیگر سیکیورٹی فورسز کو گلستان سے تقریباً 5کلومیٹرکے فاصلے پر ہجوم کا سامنا کرنا پڑا۔


ان کا کہنا تھا کہ مسلح قبائیلیوں نے فورسز پر مشین گنز اور راکٹ لانچرزکے ساتھ گھات لگا کر حملہ کیا اور حملے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے 6 اہلکار شدید زخمی ہوئے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹانسز(سی این ایس) ایکٹ 1997کی رو سے پوست کی کاشت جرم ہے، تمام فورسز نے مشکل حالات کے باوجود ہمت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوست کے خاتمے کے لیے آپریشنز کیا۔

انہوں نے کہا کہ اے این ایف اور دیگر فورسز امن وامان برقرار رکھنے اور منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اپنےعزم پرثابت قدم ہیں۔
Load Next Story