کراچی میں اینٹی نارکوٹکس کی کارروائی میں منشیات کے دو مرکزی ڈیلر گرفتار

گرفتار ملزمان کالجوں، یونیورسٹیوں اور پوش علاقوں میں منشیات سپلائی کرتے تھے، سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن

صوبائی وزیرنے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے مزید افراد کا نام لیا ہے—فوٹو: فائل

محکمہ ایکسائز اور نارکوٹکس کنٹرول نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کوکین کے دو مرکزی ڈیلرز کو گرفتار کر لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوکین کے مرکزی ڈیلرز کی گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی سندھ کےسینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات اور ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن، سیکریٹری ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سلیم راجپوت کے ہمراہ رات دیر گئے ڈی جی ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے دفتر پہنچ گئے اور گرفتاری سے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کی اور کامیاب آپریشن پر ٹیم کو شاباشی دی۔

شرجیل میمن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایکسائزاور اینٹی نارکوٹکس کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کوکین کے دو مرکزی ڈیلرز کو گرفتار کر لیا ہے۔


انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی ریکی کی جا رہی تھی، گزشتہ روز شارع فیصل پر ایک کار روکی گئی، جس پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی، ایکسائز پولیس نے کار سوار قربان علی شاہ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے 50 گرام ہیروئن برآمد کر لی تھی۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم قربان شاہ کی نشان دہی پر ایکسائز پولیس نے ایک مدرسے میں بنے مکان پر چھاپہ مارا اور ایک اور ملزم حبیب الرحمان کو گرفتار کر کے 35 گرام منشیات برآمد کی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گرفتار ملزمان کالجوں، یونیورسٹیوں اور پوش علاقوں میں منشیات سپلائی کرتے تھے اور دوران تفتیش گرفتار ملزمان نے مزید 150 لوگوں کے نام بتائے ہیں۔
Load Next Story