رحیم یار خان شادی سے انکار پر والدین نے بیٹی کو بدترین تشدد کے بعد زندہ جلا ڈالا
والدین اور رشتے داروں کیخلاف غیرت کے نام پر قتل کا مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے، پولیس
شادی سے انکار پر والدین نے 17 سالہ بیٹی کو مبینہ تشدد کے بعد زندہ جلا کر مارڈالا، پولیس نے مقتولہ کےو الدین اور رشتےد اروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع رحیم یار خان کی حدود میں ترنڈہ محمد پناہ کے علاقے بستی میانی میں نوجوان لڑکی کے قتل کی اطلاع پر پولیس نے وہاں پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا جسے والدین اور رشتےد ار دفنانے کی کوشش کررہے تھے۔
پولیس کے مطابق والدین کی جانب سے زبردستی شادی کی کوشش پر لڑکی نے انکار کیا جس پر والد اور رشتے داروں نے لڑکی کو بدترین تشدد کے بعد زندہ جلادیا، پولیس کے مطابق لڑکی کے جسم کے مختلف حصوں پر بدترین تشدد اور آگ سے جھلسنے کے نشانات پائے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق قبرستان سے لڑکی کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کیلیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے جسے قتل چھپانے کے لیے مقتولہ کے والدین اور رشتے دار دفنانے کی کوشش کررہے تھے۔
ایس ایچ او تھانہ ترنڈہ محمد پناہ کا کہنا تھا کہ والدین اور رشتے داروں کے خلاف لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔