نارتھ ناظم آباد میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر بھائی نے بہن کو قتل کردیا

پولیس نے جائے وقوع سے خول اپنے قبضے میں لے لیے ہیں اور واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے، ایس ایچ او فیض الحسن

پولیس کے مطابق مقتولہ اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی کے ساتھ رہتی تھی—فوٹو: فائل

نارتھ ناظم آباد میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر بھائی نے بہن کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق شارع نورجہاں کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک کیو پہاڑ گنج میں قائم گھر میں فائرنگ کے واقعے میں 30سالہ خاتون جاں بحق ہوگئیں، فائرنگ کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر موقعے کا معائنے کیا اور لاش ایمبولنس کی مدد سے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی۔


ایس ایچ او فیض الحسن نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ ایک بچی کی ماں تھیں، ان کا شوہر پشاور میں مقیم ہے، جس سے مقتولہ کی ناچاقی چل رہی تھی اور اس کو چھوڑ کر اپنی ڈیڑھ سالی بیٹی کے ساتھ مذکورہ علاقے میں ایک کرائے کے مکان پر رہے رہی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ مقتولہ کو مبینہ طور پر اس کے بھائی نے غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور فرار ہوگیا۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ پولیس نے جائے وقوع سے خول اپنے قبضے میں لے لیے ہیں، تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔
Load Next Story