ہاکی کےکھیل کی بہتری کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم نے ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، ایتھلیٹ ارشد ندیم اوراولمپکس کے لیےکوالیفائی کرنے والی شوٹنگ ٹیم میں چیک تقسیم کیے


ویب ڈیسک May 16, 2024
وزیراعظم ہاؤس میں قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا—فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہاکی کا کھیل دوبارہ عروج حاصل کرے گا، ہاکی کےکھیل کی بہتری کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور کھلاڑیوں کو محکموں میں دوبارہ شامل کرنے کی پالیسی پر ایک ہفتے میں عمل درآمد کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم ہاؤس میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے والی قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج آپ کے سامنے مہمان خصوصی بن کر نہیں بلکہ آپ نے پاکستان کے نام کو ہاکی کے میدان میں بلند کرنے کے لیے دنیا کے سامنے جو شان دار کارکردگی پیش کی ہے اسے سراہنے کے لیے موجود ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب کے مہمان خصوصی قومی ہاکی ٹیم کے کپتان، کھلاڑی، فیڈریشن کے عہدیدار اور اولمپکس گیمز میں حصہ لینے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں، پوری قوم اس بات کی گواہی دے رہی ہے کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہماری ہاکی ٹیم ہاری نہیں جیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے ڈیڑھ دو عشروں میں پاکستان میں ہاکی کا کھیل انحطاط کا شکار رہا، سمجھ نہیں آتی تھی کہ کب وہ دن آئے گا جب پاکستان کے عوام آپ کی کارکردگی دیکھ کر صلاح الدین، اختر رسول اور دوسرے مایہ ناز کھلاڑیوں کو یاد کریں گے، ان عظیم کھلاڑیوں اور ہیروز نے پوری دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہاکی کا کھیل دوبارہ عروج حاصل کرے گا، میری خواہش ہے کہ ہاکی کے کھلاڑیوں کی کارکردگی ایسی ہو کہ ماضی کےہیروز آپ میں دکھائی دیں، ہاکی ٹیم کی مربوط کاوش آج رنگ لائی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن جس طریقے سے آپ نے مقابلہ کیا ہے وہ مستقبل میں جیت کی نوید ہے، شان دار کارکردگی پر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، ان کے والدین، کوچز اور منتظمین کو مبارک باد اور سلام پیش کرتاہوں، ہاکی کے فروغ اور بحالی کے لیے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی کےکھیل کی بہتری کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، اس سلسلے میں فیڈریشن اور دیگر فریقین کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کرکٹ، ہاکی اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو محکموں میں شامل کرنے کی پالیسی کا اعلان کیا تھا، اب اس کو یقینی بنایا جائےگا کہ ہمارے ممتاز کھلاڑیوں کو اداروں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ کھیل کے میدان میں پوری طرح اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں اور انہیں وسائل کی کمی کاسامنا نہ ہو۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر اس پالیسی کااجرا اور عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر پاکستان ہاکی ٹیم کےسابق کپتان شہبازاحمد نے کہا کہ وزیراعظم نےکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے، ان شااللہ یہ پاکستان کے لیے میڈلز جیت کر لائیں گے۔

سابق اولمپین فلائنگ ہارس سمیع اللہ نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی وجہ سے ہمیں اس تقریب میں شرکت کا موقع مل رہا ہے، ہماری دعا ہے کہ پاکستان میں ہاکی فروغ پائے۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اسی طرح ہونی چاہیے اور کھلاڑیوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی کارکردگی سے ثابت کریں کہ وہ پاکستان کے لیے جیت کے میڈلز لاتے رہیں۔

سابق اولمپین صلاح الدین نے کہا کہ ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ہے، وزیراعظم کھیلوں میں بھرپور دلچسپی لیتے ہیں اور کھیل اور کھلاڑیوں سے محبت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اس چیز کو محسوس کیا کہ ان کھلاڑیوں کو حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، کھلاڑی ملک اور قوم کے لیے کھیلتے ہیں، انہیں ذرا سی بھی توجہ مل جائے تو یہ اپنے ملک کے لیے جان کی بازی لگا دیتے ہیں۔

قومی ہاکی ٹیم کے سینٹر فارورڈ عبدالرحمان نے کہا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح پر مقابلے میں حصہ لیا، اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں اپنی شکست کا جاپان سے جلد بدلہ لیں گے۔

ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے کہا کہ ہماری ٹیم نے اپنی کارکردگی میں کوئی کمی نہیں چھوڑی، ان شا اللہ آگے چل کر ملک کے لیے کامیابیاں حاصل کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، ایتھلیٹ ارشد ندیم اور پیرس اولمپکس کے لیےکوالیفائی کرنے والے رائفل شوٹنگ ٹیم میں چیک تقسیم کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |