کچھ سیاسی جماعتیں مذہب کے نام پر یلغار کی سیاست کررہی ہیں پرویزرشید

بندوق اور جلاؤ گھیراؤ کے ذریعے اپنی بات منوانا بھی دہشت گردی ہے،وفاقی وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک June 19, 2014
شمالی وزیرستان میں آپریشن سب کو اعتماد میں لے کر شروع کیا گیا،سینیٹر پرویز رشید،فوٹو:فائل

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اگرچہ کچھ سیاسی جماعتیں مذہب کے نام پر یلغار کی سیاست کررہی ہیں جبکہ بندوق اور جلاؤ گھیراؤ کے ذریعے اپنی بات منوانا بھی دہشت گردی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ لاہور واقعے پر متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں،وزیراعظم نے لاہور واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ عدالتی کمیشن کی رپورٹ بھی جلد آجائے گی اور ٹریبونل کی جو بھی سفارشات ہوں گی اس پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگانے،توڑ پھوڑ اور تشدد کی باتیں مناسب نہیں اس وقت کوئی تنازعہ پیدا نہیں کرنا چاہئے کیونکہ دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اگرچہ کچھ سیاسی جماعتیں مذہب کے نام پر یلغار کی سیاست کررہی ہیں جبکہ بندوق،جلاؤگھیراؤ کے ذریعے اپنی بات منوانا بھی دہشت گردی ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن سب کو اعتماد میں لے کر شروع کیا گیا،ہم اپنی سلامتی کی جنگ لڑر ہےہیں اور مسلح افواج آپریشن میں مصروف ہیں اس لیے تمام سیاسی جماعتیں اس پر اکھٹی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر عبداالقادر بلوچ کو آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں انہوں نے وزیراعظم کواس حوالے سے رپورٹ بھی پیش کردی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے آئی ڈی پیز کے لئے عارضی اسپتال قائم کردیئے گئے ہیں اور کیمپوں میں رہائش پزیر افراد کے لئے مزید انتظامات کررہے ہیں،آئی ڈی پیز کو اسمارٹ کارڈ کے ذریعے پیسے بھی ادا کیے جائیں گے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان آپریشن کے دوران سرحدی معاملات اور دہشت گردوں کی منتقلی روکنے کیلئے افغان حکومت سے اعلیٰ سطح پر رابطہ ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں