جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی وزیر اعظم سے ملاقات بالآخر رنگ لے آئی اور وزارتوں کا قلمدان نہ ملنے پر حکومت سے ناراض اتحادی جماعت کو وزیراعظم نے 2 وزارتوں کے قلمدان سوبپ دیئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت میں شامل اتحادی جماعت جے یو آئی (ف) کے 2 اراکین کو وزارتوں کے قلمدان سونپ دیئے گئے، خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے جے یو آئی (ف) کے رکن اسمبلی اکرم خان درانی کو وفاقی وزیر ہاؤسنگ کا عہدہ دیا گیا جبکہ مولانا عبدالغفور حیدری کو پوسٹل سروسز کی وزارت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال جے یو آئی (ف) نے حکومت میں شمولیت اختیار کی تھی اور حکومت سے معاملات طے ہونے کے بعد جے یو آئی کے حصے میں 3 وزاتیں آئیں تاہم جے یو آئی (ف) کے ارکان کو وزارتوں کو قلمدان نہیں سونپا گیا تھا جس پر اراکین جے یو آئی (ف) نے وزارتوں سے استعفی دے دیا تھا۔