وزارت دفاع کی جیو کی سزا بڑھانے کیلئے اٹارنی جنرل کو درخواست دائرکرنے کی ہدایت

جیو نے بڑا جرم کیا جب کہ اسے پیمرا کی جانب سے سزا کم دی گئی ،وزارت دفاع کا درخواست میں موقف


ویب ڈیسک June 19, 2014
جیو کے خلاف سزا کو مزید بڑھانے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جائے،وزارت دفاع کی اٹارنی جنرل کو ہدایت ، فوٹو: فائل

وزارت دفاع نے جیو نیوز کی سزا بڑھانے کے لیے کیس اٹارنی جنرل کے سپرد کرتے ہوئے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائرکرنے کی ہدایت کردی ہے ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت دفاع نے جیو نیوز کو پیمرا کی جانب سے آئی ایس آئی اور اس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام کےخلاف زہریلا پروپیگنڈا کرنے پر دی جانےوالی 15روز کی سزا کو مزید بڑھانے کے لئے کیس اٹارنی جنرل کے سپرد کردیا ہے۔ وزارت دفاع نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی ہے کہ جیو کے خلاف سزا کو مزید بڑھانے کے لئے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی جائے جبکہ وزارت دفاع نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ جیو نے بڑا جرم کیا ہے اور اسے پیمرا کی جانب سے کم سزا دی گئی لہٰذا جیو کے اس اقدام کے تحت اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔وزارت دفاع کی جانب سے جیو کے خلاف باقاعدہ درخواست کی سیکریٹری دفاع آصف یاسین ملک نے بھی تصدیق کردی ہے۔

واضح رہے کہ 19 اپریل کو صحافی حامد میر پر کراچی میں قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ زخمی ہوگئے تھے اورجیو کی جانب سے ڈی جی آئی ایس آئی کو حملے میں ملوث قرار دے کر 8 گھنٹے سے زائد ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا جس پر وزارت دفاع نے ایکشن لیتے ہوئے جیو کے خلاف پیمرا میں کیس دائر کیا تھا، وزارت دفاع کی درخواست پر پیمرا کی سرکاری کمیٹی نے 6 جون کو جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لئے معطل کرتے ہوئے اسے ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں