وزیراعظم کی اسحاق ڈار اور امیر مقام کو بشکیک جانے کی ہدایت
دونوں وزراء کل علی الصباح خصوصی طیارے کے ذریعے بشکیک روانہ ہوں گے
وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستان کے سفیر حسن علی ضیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستانی طلباء کو مکمل مدد اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ساتھ ہی وفاقی وزرا اسحاق ڈار اور امیر مقام کو فوراً بشکیک جانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے بشکیک میں پاکستانی سفیر سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کی اور انہیں ہاسٹلز کا دورہ کرکے پاکستانی طلباء سے ملاقات کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں: کرغزستان؛ مقامی وغیرملکی طلبہ میں ہنگامہ آرائی، پاکستانی طلبہ بھی زد میں
پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو مطلع کیا کہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا۔ پاکستانی سفارت خانہ زخمی طلباء کی معاونت کررہا ہے۔
وزیراعظم نے سفیر کو طلباء کے والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے، بروقت معلومات فراہم کرنے، زخمی طلباء کو ہرقسم کی طبی سہولیات فراہم کرنے اوروطن واپس آنے کے خواش مند زخمی طلباء کی فوری واپسی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں: کرغستان ہنگامہ آرائی میں ہلاکتوں کی خبر درست نہیں، بشکیک داخلہ امور سربراہ
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرغیزستان میں صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ اس صورتحال میں اپنے طلباء کو بالکل اکیلا نہیں چھوڑیں گے. ہماری حکومت، کرغیزستان کی حکومت کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کاکہناہے پاکستان کے سفیر حسن ضیغم اور انکی ٹیم ایمرجنسی نمبروں پر موجود ہے۔ دونوں نمبرز واٹس ایپ پر بھی موجود ہیں۔
+996555554476
+996507567667
پاکستانی سفارت خانے نے ہنگامی ہیلپ لائنز کھول دی ہیں جس پر طلباء اور ان کے اہل خانہ کے سوالات کے جوابات بھی دیے جارہے ہیں۔ حسن ضیغم کرغز حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔
دریں اثنا وزیرِاعظم نے کرغیزستان میں پاکستانی طلبہ کی مدد کے لیے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق اور وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان انجنئیر امیر مقام کو فوری طور پر بشکیک جانے کی ہدایت کردی۔ دونوں وزرا حالیہ فسادات کے تناظر میں اعلی سرکاری حکام سے ملاقات کریں گے۔
وزرا پاکستانی طلبہ سے ملاقات کریں گے ان کے مسائل سنیں گے اور یقینی بنائیں گے کہ حالیہ صورتحال میں پاکستانی طلبہ کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
دونوں وزراء کل علی الصباح خصوصی طیارے کے ذریعے بشکیک روانہ ہوں گے۔