سرکاری ادویات غیر قانونی طور پر فروخت کرنے والے لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ملازمین سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال کی سرکاری ادویات میں کرپشن اسکینڈل سامنے آ گیا، جہاں مریضوں کے لیے خریدی گئی سرکاری ادویات فروخت کردی گئیں۔ ایف آئی اے نے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کے تین ملازمین سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری ادویات کی خوردبرد میں ملوث تھے۔ ملزمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کو جاری کی گئی سرکاری ادویات غیر قانونی طور پر فروخت کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان میں سلیمان، عبدالجبار، عابد، عماد، طاہر اور یوسف جان شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم یوسف جان گینگ کا ماسٹر مائنڈ ہے جب کہ ملزم سلیمان، عبد الجبار اور عابد لیڈی ریڈنگ اسپتال میں بطور ٹیکنیشن ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے۔ ملزمان کی نشاندہی پر پشاور کے مختلف پرائیویٹ اسپتالوں میں چھاپے مارے گئے۔ اس دوران ملزم عماد کو ڈبگری گارڈن سے گرفتار کیا گیا، جو شیرین شاہ اسپتال میں وارڈ بوائے کے طور پر کام کر رہا تھا ۔عماد کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کی نشاندہی پر میڈیکوز کے گودام سے بھی بھاری مقدار میں سرکاری ادویات برآمد کرلی گئی ہیں اور گودام کو سیل کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سرکاری اسپتال کی بھاری مقدار میں ادویات نجی اسپتال سے بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔
گرفتار ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔