سخنور شکاگو حریمِ نعت کے زیرِاہتمام امریکا کی پہلی عالمی نعت کانفرنس کا انعقاد

نعت کانفرنس کا پہلا سیشن نعت کی مختلف جہتوں، تاریخ اور نعت کی ترویج پر مقالہ جات پر مشتمل تھا


راشد نور May 19, 2024
نعت کانفرنس کا پہلا سیشن نعت کی مختلف جہتوں، تاریخ اور نعت کی ترویج پر مقالہ جات پر مشتمل تھا۔ فوٹو: ایکسپریس ویب

سخنور شکاگو، حریمِ نعت کے زیراہتمام عالمی نعت کانفرنس اور 41 واں عالمی نعتیہ مشاعرہ 27 اپریل 2024 کو منعقد ہوا۔

نعت کانفرنس سبیل سینٹر میں دوپہر دو بجے شروع ہوئی اور رات آٹھ بجے تک جاری رہی۔ نعت کانفرنس کے آغاز میں تقریب کے شرکاء کو ریفرشمنٹ اور چائے پیش کی گئی۔ جناب خاور حسین نے تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا اور شکاگو کی ممتاز نعت خواں آنسہ ندا رحمان نے حمد کا نذرانہ پیش کیا۔

نعت کانفرنس کا پہلا سیشن نعت کی مختلف جہتوں، تاریخ اور نعت کی ترویج پر مقالہ جات پر مشتمل تھا۔ اس کانفرنس کے لیے پاکستان سے ممتاز اسکالرز نے نعت پر مقالہ جات کی مختصر ویڈیوز ارسال کی تھیں جن کے نام یہ ہیں:

ڈاکٹر ریاض مجید، پروفیسر طاہر صدیقی، جناب نسیمِ سحر، جناب طاہر سلطانی، جناب شاہد اشرف، جناب عزیز احسن، جناب شاکر کنڈان اور ڈاکٹر سلیم اللّہ جندران۔

امریکا سے جن اسکالرز نے نعت پر مقالہ جات پیش کیے ان کے نام یہ ہیں:

پروفیسر انعام الحق (شکاگو)، جناب مامون ایمن (نیویارک)، ڈاکٹر توفیق انصاری احمد (شکاگو)۔

ممتاز شاعرہ محترمہ طاہرہ ردا نے اس سیشن کی نظامت کی۔

نعت کانفرنس کا دوسرا سیشن شکاگو کے معروف شاعر عابد رشید کے حمد و نعت کے مجموعے'' بعد از خدا'' کی تقریبِ رونمائی پر مشتمل تھا۔ محترمہ شاہدہ حسن، جناب غلام مصطفٰے انجم، جناب مامون ایمن، ڈاکٹر توفیق انصاری احمد اور پروفیسر مسرور قریشی نے ''بعد از خدا'' پر اپنے تاثرات پیش کیے۔ پروفیسر مسرور قریشی نے اس سیشن کی نظامت فرمائی۔ شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرل جناب طارق کریم اور معروف صنعت کار ڈاکٹر محمد منیر چودھری اس سیشن کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اس تقریب سے خطاب فرمایا۔

جناب طارق کریم نے سخنور شکاگو، حریمِ نعت کی ادبی خدمات کو سراہا اور پاکستانی قونصل خانے کی طرف تعاون کی پیشکش کی۔

جناب محمد منیر چودھری نے حلال پراڈکٹس بنانے والی اپنی کمپنی کی ریسرچ اور تصدیق کے پروگرام سے آگاہی دی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی کے زیراہتمام سبیل سینٹر کی اسلامک آرٹ گیلری میں دنیا بھر سے اسلامی خطاطی کے بہترین نمونے آویزاں کیے گئے ہیں۔

اس سیشن کے بعد حاضرین کی ایپاٹائزر اور چائے سے تواضع کی گئی۔

تقریب کا تیسرا سیشن نعتیہ مشاعرے پر مشتمل۔ اس مشاعرے میں پاکستان، کینیڈا اور امریکا کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز شعرائے کرام نے شرکت کی۔ کینیڈا سے پروفیسر شاہدہ حسن، پاکستان سے جناب خالد عرفان، نیویارک سے جناب مامون ایمن اور محترمہ صبیحہ صبا، ورجینیا سے محترمہ ثروت زہرا، ڈیلس ٹیکساس سے ڈاکٹر نور امروہوی اور گرنی سے جناب راشد نور اور شکاگو کے منتخب شعرائے کرام نے حمد و نعت کا نذرانہ پیش کیا۔

نعت کانفرنس کا چوتھا سیشن محفلِ نعت خوانی پر مشتمل تھا۔ اس سیشن میں شکاگو کے ممتاز نعت خوانوں نے حمدونعت کا نذرانہ پیش کیا۔ ان نعت خواں حضرات کے نام یہ ہیں:

آنسہ ندا رحمان، جناب خالد صدیقی، جناب اسماعیل صدیقی، جناب حبیب انصاری، جناب حسن خان اور جناب غلام مصطفٰے انجم۔ جناب محسن خان نے سلام بحضورِ سرورِ کائناتؐ پیش کیا۔ جناب شبیر خان نے اس سیشن کی نظامت کی۔

تقریب کا اختتام ایک پرتکلف عشائیہ پر ہوا۔

واضح رہے کہ حریمِ نعت حمد و نعت کے فروغ کے لیے قائم کی جانے والی ایک عالمی تنظیم ہے جو ایک مدت سے شکاگو میں حضور اکرم ٌ کی مدحت کے مقدس فرض کی ادائی میں نہایت تن دہی سے مصروف ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں