روحانی دوست

علمِ الاعداد سے نمبر معلوم کرنے کا طریقہ

علمِ الاعداد سے نمبر معلوم کرنے کا طریقہ۔ فوٹو : فائل

علمِ الاعداد سے نمبر معلوم کرنے کا طریقہ:

دو طریقے ہیں اور دونوں طریقوں کے نمبر اہم ہیں۔

اول تاریخ پیدائش دوم نام سے!

اول طریقہ تاریخ پیدائش:

مثلاً احسن کی تاریخ پیدائش 12۔7۔1990 ہے۔

ان تمام اعداد کو مفرد کیجیے، یعنی باہم جمع کیجیے:

1+2+7+1+9+9=29

29 کو بھی باہم جمع کریں (2+9) تو جواب 11 آئے گا۔

11 کو مزید باہم جمع کریں (1+1)

تو جواب 2 آیا یعنی اس وقت تک اعداد کو باہم جمع کرنا ہے جب تک حاصل شدہ عدد مفرد نہ نکل آئے۔ پس یعنی آپ کا لائف پاتھ عدد/نمبر ہے۔

گویا تاریخ پیدائش سے احسن کا نمبر 2 نکلا۔

اور طریقہ دوم میں:

سائل، سائل کی والدہ، اور سائل کے والد ان کے ناموں کے اعداد کو مفرد کیجیے

مثلاً نام ''احسن '' والدہ کا نام '' شمسہ'' والد کا نام '' راشد۔''

حروفِ ابجد کے نمبرز کی ترتیب یوں ہے:

1 کے حروف (ا،ء ،ی،ق،غ) ، 2 کے حروف (ب،ک،ر) ، 3 کے حروف (ج،ل،ش) ، 4 کے حروف (د،م،ت) ، 5 کے حروف(ہ،ن،ث) ، 6 کے حروف (و،س،خ) ، 7 کے حروف (ز،ع،ذ) ، 8 کے حروف (ح،ف،ض) ، 9 کے حروف (ط،ص،ظ) ، احسن کے نمبر (1،8،6،5)

تمام نمبروں کو مفرد کردیں:(1+8+6+5=20=2+0= 2 )

گویا احسن کا نمبر2 ہے۔ایسے ہی احسن کی والدہ ''شمسہ'' کا نمبر9 اور والد راشد کا نمبر1 بنتا ہے۔

اب ان تینوں نمبروں کا مفرد کرنے پر ہمیں احسن کا ایکٹیو یا لائف پاتھ نمبر مل جائے گا:

(2+9+1=12=1+2=3)

گویا علم جفر کے حساب سے احسن کے نام کا نمبر 3 نکلا!

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

20تا 26 مئی 2024


پیر 20 مئی 2024

آج کا حاکم عدد 8 ہے۔ رکاوٹ عارضی طور پر راہ میں حائل ہوسکتی ہے۔ اس کی وجہ سے اپنے دل پر بوجھ محسوس نہ کریں، دباؤ محسوس نہ کریں، بلکہ کچھ سکون اور توانائی بحال کرکے پھر میدان میں اتریں۔ آپ کی تاریخ پیدائش میں اگر 2،3،4،6،7 اور8 خصوصاً 7 کا عدد یا پیدائش کا دن پیر ہے یا نام کا پہلا حرف ع، ز یا ذ ہے تو آج کا دن آپ کے لیے بہتر دن ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،5 اور9 خصوصاً 9 کا عدد یا پیدائش کا دن منگل ہے یا نام کا پہلا حرف ص،ط یا ظ ہے تو آپ کے لیے اہم اور کچھ مشکل بھی ہوسکتا ہے۔

صدقہ: 20 یا 200 روپے، سفید رنگ کی چیزیں، کپڑا، دودھ، دہی، چینی یا سوجی کسی بیوہ یا غریب خاتون کو بطورِ صدقہ دینا ایک بہتر عمل ہوگا۔ اسمِ اعظم ''یارحیم، یارحمٰن، یااللہ'' 11 بار یا 200 بار اول وآخر 11 بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔

منگل 21 مئی 2024

آج کا حاکم عدد 7 ہے۔پُرسکون رہیں، آرام کی ضرورت ہے۔ اس دن شعور یعنی عقل کو زیادہ مشقت میں نہ ڈالیں۔ اپنے وجدان یعنی دل کی آواز کو سنیں اور عقل کے گھوڑے کو باندھ کے دل کی آواز پر لبیک کہہ دیں۔اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،4،5،7،8 اور 9 خصوصاً 8 کا عدد ہے یا آپ کی پیدائش کا دن بدھ ہے یا نام کا پہلا حرف ح،ف یا ض ہے تو آپ کے لیے آج کا دن کافی حد تک بہتری لائے گا۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2 اور6 خصوصاً 6 یا پیدائش کا دن جمعہ ہے یا نام کا پہلا حرف و،س یا خ ہے تو آپ کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔

صدقہ: 90 یا 900 روپے، سرخ رنگ کی چیزیں ٹماٹر، کپڑا، گوشت یا سبزی کسی معذور سیکیوریٹی سے منسلک فرد یا اس کی فیملی کو دینا بہتر عمل ہوگا۔ وظیفۂ خاص ''یاغفار، یاستار، استغفراللہ العظیم'' 9 یا 90 بار اول وآخر11 بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔

بدھ 22 مئی 2024

آج کا حاکم عدد 4 ہے۔ جو آپ نہیں سوچ رہے یا جو آپ سوچنا نہیں چاہ رہے اس کی گنجائش ضرور رکھیں، کیوںکہ حالات ایسا رُخ بھی اختیار کرسکتے ہیں جس کا گُمان تک نہ تھا۔ دوست کا وہ روپ سامنے آسکتا ہے جو آپ سوچ بھی نہ سکتے تھے۔ 1،2،3،6،7 اور8 خصوصاً 2 کا عدد یا پیدائش کا دن پیر ہے یا نام کا پہلا حرف ب، ک یا ر ہے تو آپ کے لیے آج دن کافی بہتر ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 4،5 اور9 خصوصاً 4 یا پیدائش کا دن اتوار یا نام کا پہلا حرف ا،ی یا غ ہے تو کچھ معاملات میں رکاوٹ اور پریشانی کا اندیشہ ہے۔

صدقہ: زردرنگ کی چیزیں یا 50 یا 500 روپے کسی مستحق طالب علم یا تیسری جنس کودینا بہتر ہے۔ تایا، چاچا، پھوپھی کی خدمت بھی صدقہ ہے۔ وظیفۂ خاص ''یاخبیرُ، یاوکیلُ، یااللہ'' 41 بار اول و آخر 11 باردرودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔

جمعرات 23 مئی 2024

آج کا حاکم عدد 3 ہے۔آج ایسے مواقع میسر آسکتے ہیں کہ جو آپ کی رکی ہوئی گاڑی کو سنبھلنے میں مددگار ہوں گے۔ اچھا مشورہ مل سکتا ہے یا ایسا خیال جو آپ کے اندر ہی موجود تھا لیکن آپ ہی پر آج ہی ظاہر ہوا۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 2،3،4،7،8 اور9 خصوصاً 3 کا عدد یا پیدائش کا دن جمعرات ہے یا نام کا پہلا حرف ج،ل یا ش ہے تو آپ کے لیے بہتر دن ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،5 اور6 خصوصاً 5 کا عدد یا پیدائش کا دن بدھ ہے یا نام کا پہلا حرف ہ،ن یا ث ہے تو اندیشہ ہے کہ کچھ امور میں آپ کو مشکل ہوسکتی ہے۔

صدقہ: میٹھی چیز، 30 یا 300 روپے کسی مستحق نیک شخص کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے، مسجد کے پیش امام کی خدمت بھی احسن صدقہ ہے۔ وظیفۂ خاص ''سورۂ فاتحہ 7 بار یا یاقدوس، یاوھابُ، یااللہ'' 21 بار اول و آخر 11 بار درودشریف پڑھنا بہتر عمل ہوگا۔

جمعہ 24 مئی 2024

آج کا حاکم عدد7 ہے۔ مطالعہ، گیان اور اپنے اندر سفر کے لیے معاون دن ہے۔ ایسی کام یابی جو آپ کو خوشی سے بھر دے مل سکتی، خوش بختی لانے والا دن ہوسکتا ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،4،5،7،8 اور9 خصوصاً 8 کا عدد یا پیدائش کا دن ہفتہ ہے یا نام کا پہلاحرف ح، ف یا ض ہے تو آپ کے لیے بہتری کی امید ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش 1،2اور6 کا عدد خصوصا6 یا پیدائشی دن جمعہ یا جن کے نام کا پہلا حرف و،س یا خ ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔

صدقہ: 60 یا 600 روپے یا 600 گرام یا6 کلو چینی۔ سوجی یا کوئی جنس کسی بیوہ کو دینا بہترین عمل ہوسکتا ہے۔ وظیفۂ خاص ''سورۂ کہف یا یاودود، یامعید، یااللہ'' 11 بار ورد کرنا بہتر ہوگا۔

ہفتہ 25 مئی 2024

آج کا حاکم عدد1 ہے۔ حاکمِ وقت کسی الجھن کی دلدل میں دھنس سکتا ہے۔ انتظامی امور کو سنبھالنے والے افراد کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،4،5،6اور9 خصوصا 5 کا عدد یا پیدائشی دن بدھ یا نام کا پہلا حرف ہ،ن یا ث ہے تو آپ کے لئے ایک اچھا دن ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،7 اور8 خصوصاً 3 کا عدد یا پیدائشی دن جمعرات یا نام کا پہلا حرف ج،ل یا ش ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔

صدقہ: 80 یا800 روپے یا کالے رنگ کی چیزیں کالے چنے، کالے رنگ کے کپڑے سرسوں کے تیل کے پراٹھے کسی معذور یا عمر رسیدہ مستحق فرد کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے۔ وظیفۂ خاص ''یافتاح، یاوھابُ، یارزاق، یااللہ'' 80 بار اول و آخر 11 بار درودشریف کا ورد بہتر عمل ہوگا۔

اتوار 26 مئی 2024

آج کا حاکم نمبر 4 ہے۔ اس ہفتے کا یہ دوسرا دن ہے جو توقع کے برعکس حالات کی خبر دیتا ہے لیکن آج کے دن کا تعلق مسند نشینوں سے ہے۔ خاندان کے سربراہ کی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،3،6،7 اور8 خصوصا2 کا عدد یا جن کا پیدائشی دن پیر ہے یا نام کا پہلا ب،ک یا ر ہے تو آپ کے لئے ایک اچھے دن کی امید ہے لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 4،5 اور9 خصوصاً 4 عدد یا جن کا پیدائشی دن اتوار ہے یا نام کا پہلا حرف د،م یا ت ہے تو آپ کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔

صدقہ: 13 یا 100 روپے یا سنہری رنگ کی چیزیں گندم، پھل، کپڑے، کتابیں یا کسی باپ کی عمر کے فرد کی خدمت کرنا بہتر ہوگا۔ وظیفۂ خاص ''یاحی، یاقیوم، یااللہ'' 13 یا 100 بار اول و آخر 11 بار درودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔

واٹس اپ (0333-8818706)

فیس بک (Saim Almustafa Saim)
Load Next Story