وزیراعظم ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کی تعزیت کے لیے تہران پہنچ گئے

شہباز شریف ایران کے سپریم لیڈر اور قائم مقام صدر سے ملاقات کریں گے


ویب ڈیسک May 22, 2024
وزیراعظم وفد کے ہمراہ ایران جائیں گے:فوٹو:فائل

وزیر اعظم محمد شہباز شریف ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی تعزیت کے لیے ایران کے شہر تہران پہنچ گئے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق تہران کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایرانی وزیر راه و شہر سازی عزت مآب مہرداد بذرپاش نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ساتھ موجود تھے۔

وزیر اعظم سپریم لیڈر آیت اللہ امام خامنہ ای اور ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے ملاقات کریں گے۔ شہباز شریف پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر کی موت پر تعزیت کا اظہار کریں گے۔

واضح رہے کہ تہران میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو مشہد میں جمعرات کو سپردخاک کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں