اربوں کے نادہندہ کے الیکٹرک نے پورے کراچی کو تاریک کررکھا ہے منعم ظفر
جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ اربوں روپے کے نادہندہ کے الیکٹرک نے پورے کراچی کو تاریک کر رکھا ہے۔
ادارہ نور حق میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ کے الیکٹرک مافیا سے پورا کراچی تنگ ہے۔ شہر کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے۔ کے الیکٹرک کے باعث شہر 3 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی لپیٹ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں کہا گیا کہ کے الیکٹرک سے کراچی میں بجلی سستی ہوگی، وافر ملے گی، لیکن یہ سب باتیں بے سود ثابت ہوئیں۔ شہر کا بڑا حصہ لوڈشیڈنگ کی لپیٹ میں ہے اور کے الیکٹرک کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ یہاں بجلی چوری ہوتی ہے اور بل نہیں دیے جاتے۔
منعم ظفر نے کہا کہ کے الیکٹرک پر 5 کروڑ کا جرمانہ ہوا جو فیڈر بند ہونے کی وجہ سے ہوا ۔ کے الیکٹرک سوئی سدرن گیس کمپنی کا 177 ارب کا نادہندہ ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر مقدمات درج کیے جارہے ہیں ۔ یہ ظلم بند کریں، جماعت اسلامی تنبیہ کرتی ہے کہ عوام کے ساتھ ایسا سلوک مت کریں ۔ بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کی بھرمار ہے، جس کی ہم مزاحمت کرتے ہیں۔
عبوری امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو اپنا قبلہ درست کرنا پڑے گا ورنہ دیکھ لیجیے کہ آزاد کشمیر میں کیا ہوا ہے ۔ پی پی ایم کیو ایم اور کے الیکٹرک کا گٹھ جوڑ ہے ۔ کے الیکٹرک کو بیچنے میں یہ جماعتیں شامل تھیں۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کے الیکٹرک کو سرکاری تحویل میں لیا جائے، عوام کو ظلم سے نجات دلائی جائے۔ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ ہونا چاہیے۔
منعم ظفر نے 2 جون اتوار کو شارع فیصل پر غزہ ملین مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جب جب غزہ کے حوالے سے کال دی گئی ہے تو کراچی والے بڑے پیمانے پر نکلے ہیں۔ 2 جون کو ایک بار پھر تمام اختلافات سے بالاتر ہوکر غزہ کے لوگوں کے لیے نکلنا ہے۔ 2 جون کو شارع فیصل پر ملین مارچ ہوگا، جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی نے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے۔ اہل کراچی ہمیشہ اہل غزہ کے ساتھ رہے ہیں، جہاں 37 ہزار لوگ شہید ہوچکے ہیں ، 9 لاکھ سے زائد لوگ دربدر ہیں ۔ اسکول اسپتال مسمار کیے جا چکے ہیں۔ وہاں اجتماعی قبریں مل رہی ہیں، شواہد بتا رہے ہیں کہ اسرائیل نے زخمیوں کو زندہ درگور کیا ہے۔