ہماری ٹانگیں نہ کھینچی جائیں 5 سال میں ملک کی تقدیر بدل دیں گے وزیراعظم

ہم نے بھی پچھلے 5 سال بڑی بردباری کے سا تھ گزارے اور صبر کا مظاہرہ کیا لہذا اب ہمیں بھی کام کرنے دیا جائے، نواز شریف


ویب ڈیسک June 20, 2014
ایک پارٹی احتجاج، دوسری دھرنے اور تیسری نظام لپیٹنے اور تباہی کی بات کرتی ہے، نواز شریف فوٹو؛فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم کام کرنے آئے ہیں ہماری ٹانگیں نہ کھینچی جائیں، ہمیں ٹک کر کام کرنے دیا جائے تو 5 سالوں میں پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔

اسلام آباد میں لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نےگزشتہ 65 برسوں میں بڑے دکھ اٹھائیں ہیں لیکن اگر 5 سال ٹک کر کام کرنے دیا جائے تو اللہ تعالی پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے بچھلے 5 سال بڑی بردباری کے سا تھ گزارے اور صبر کا مظاہرہ کیا، اس دوران نہ ہم سڑکوں پر آئے اور نہ ہی حکومت کے خلاف دھرنے دیئے لیکن اب ایک پارٹی احتجاج، دوسری دھرنے اور تیسری نظام لپیٹنے اور تباہی کی بات کرتی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ یہ سب کس لئے کیا جارہا ہے، حکومت جو کررہی ہے کیا درست نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے غریب بچوں کی فیس ادا کی جارہی ہے اور نوجوانوں کو قرضہ فراہم کرنے کا جو سفر شروع کیا وہ بھی بالکل درست چل رہا ہے، بچوں کی فیس واپسی کے ساتھ ساتھ لیپ ٹاپ بھی دیئے جارہےہیں جب کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے کےلئے بجلی کے پلانٹ لگ رہے ہیں، اکنامک کوری ڈور بن رہا ہے، حکومت ایک سال سے اپنے منشور پر عمل کررہی ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ دنیاکی بہترین مارکیٹس میں سے ہے جبکہ دنیا بھی اس بات کا اعتراف کررہی ہے سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان ٹاپ ممالک کی فہرست میں شامل ہے اور اب ملک سے بے روزگاری کا بھی خاتمہ شروع ہوگیا ہے جب کہ بجٹ میں عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بھی نہیں ڈالا گیا۔ انہوں نے کہاکہ گوادر کو سنگا پور اور ہانگ کانگ جیسی بندر گاہ بنائیں گے لیکن ٹانگیں نہ کھینچی جائیں بلکہ پاکستان کو آگے بڑھنے اور ترقی کی راہ پر گامزن رہنے دیا جائے۔

نواز شریف نے کہاکہ پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لئے جدوجہد کرکے ایک پرامن ملک بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، ہم چاہتے ہیں پاکستان سے غیر قانونی اسلحے کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے اور اس پر عمل درآمد کے لئے سخت قوانین لائے جائیں تاکہ بھتہ خوری، ڈکیتیاں، قتل و غارت اور چوری چکاری بند ہو جس کے بعد لاقانونیت پر بھی قابو پالیں گے۔ اس کےلئے سب پارٹیوں کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں