پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کئی ماہ کی روپوشی کے بعد منظر عام پر آگئے

عمران خان کی ہدایت پر روپوشی ختم کی، مراد سعید سمیت تمام رہنما جلد منظر عام پر آئیں گے، حماد اظہر

حماد اظہر منظر عام پر آنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے ہیں (فوٹو اسکرین گریپ)

سانحہ نو مئی کے بعد سے روپوش پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر منظر عام پر آگئے ہیں۔

حماد اظہر اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹ پہنچے جہاں انہیں دیکھ کر تمام لوگ حیران رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی گزشتہ روز ہدایت موصول ہوئی جس میں انہوں نے روپوشی ختم کر کے منظر عام پر آنے اور پنجاب میں پارٹی کی سربراہی سنبھالنے کی ہدایت کی۔


انہوں نے کہا کہ میں عدالتوں پر یقین رکھتا ہوں اور پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتار حاصل کر کے پھر پنجاب کی عدالتوں میں اپنے مقدمات لڑوں گا، میرے خلاف درج تمام کیسز جعلی اور بے بنیاد ہیں اور امید ہے کہ عدلیہ بھی انصاف کرے گی۔

حماد اظہر نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ اپنی ریٹائرمںٹ سے قبل ملک میں قائم فسلطائیت کے نظام کو ختم کریں کیونکہ اب قوم کے نوجوانوں کو اُن سے ہی امیدیں ہیں اور وہ یہ کام کر کے امر ہوسکتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے رؤف حسن پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد مجھے خانصاحب کا روپوشی ختم کر کے مںظر عام پر آنے کا پیغام ملا جبکہ اس سے قبل ہدایت تھی کہ گرفتاری سے ہر صورت بچنا ہے کیونکہ مجھ پر تشدد ہوسکتا تھا، جلد مراد سعید سمیت دیگر رہنما بھی منظر عام پر آئیں گے۔
Load Next Story