کراچی کے علاقے منگھو پیر میں رینجرز کا سرچ آپریشن مقابلے میں 2 دہشتگرد ہلاک

ہلاک ہونے والا عابد مچھڑ دہشتگردی سمیت دیگر مختلف وارداتوں میں مطلوب تھا، پولیس


ویب ڈیسک June 20, 2014
دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2 رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوگئے. فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے منگھو پیر میں رینجرز سے مقابلے کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کے 2 جوان بھی شدید زخمی ہوگئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب دہشتگرد عابد مچھڑ کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے منگھو پیرمیں سرچ آپریشن کیا جس میں رینجرز کے کمانڈوز کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ آپریشن سے قبل علاقے کے محاصرے کے دوران دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ بھرپور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے جس میں عابد مچھڑ کے بھی ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ ذرائع کے مطابق عابد مچھڑ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر تھا جو منگھو پیر سے اپنا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔


پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشتگرد پولیس کو دہشتگردی سمیت دیگر مختلف وارداتوں میں مطلوب تھا جس کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج ہیں، دوسری جانب 2 دہشگردوں کی ہلاکت کے بعد رینجرز نے علاقے میں ممکنہ طور پر مزید شرپسندوں کی موجودگی کے خدشہ کے پیش نظر علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ زخمی دونوں اہلکاروں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں