ہیٹ اسٹروک کا شکار شاہ رخ خان کی طبیعت اب کیسی جوہی چاولہ نے بتادیا

منگل کی رات دیر گئے شاہ رخ خان کی طبیعت بگڑ گئی تھی


ویب ڈیسک May 23, 2024
شاہ رخ خان کو ہیٹ اسٹروک کے باعث احمد آباد کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے : فوٹو : ویب ڈیسک

ماضی میں بالی ووڈ کو سُپر ہٹ فلمیں دینے والی معروف اداکارہ جوہی چاولہ نے اپنے ساتھی اداکار شاہ رخ خان کی طبیعت سے متعلق آگاہ کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان 21 مئی منگل کے روز اپنی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا میچ دیکھنے کے لیے احمد آباد میں موجود تھے جہاں اداکار شدید گرمی کی وجہ سے ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوگئے تھے۔

منگل کی رات دیر گئے شاہ رخ خان کی طبیعت بگڑ گئی تھی جس کے بعد اداکار کو بدھ 22 مئی کو احمد آباد کے 'کے ڈی' اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

شاہ رخ خان کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر اُن کے اہلخانہ، قریبی دوست اور مداح پریشان ہوگئے تھے، بعدازاں اداکار کی اہلیہ گوری خان، ساتھی اداکارہ جوہی چاولہ اور اُن کے شوہر بھی اسپتال پہنچ گئے تھے۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ خان ہیٹ اسٹروک کا شکار، اسپتال داخل

اسپتال سے واپسی کے بعد جوہی چاولہ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کی اور اُنہیں شاہ رخ خان کی طبیعت کے بارے میں آگاہ کیا، اداکارہ نے کہا کہ شاہ رخ خان کی دیکھ بھال کی جارہی ہے اور وہ اب پہلے سے کافی بہتر محسوس کررہے ہیں۔

جوہی چاولہ نے مزید کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ شاہ رخ خان بہت جلد مکمل صحتیاب ہوجائیں گے اور وہ اپنی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی حوصلہ افزائی کے لیے آئی پی ایل کے فائنل میں ضرور شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا فائنل رواں ماہ 26 مئی کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں